امتحانات کے قریب طلبا کے تفریحی پروگرام روکے جائیں گے: تنویر سیٹھ
بنگلور:16/مارچ(ایس او نیوز) امتحانات سے عین قبل طلبا کو تفریح پر لے جانے کیلئے محکمہئ تعلیمات کی طرف سے کوئی سرکیولر جاری نہیں کیاگیا، اگر ایسا کوئی سرکیولر جاری ہوا ہے تو اس پر روک لگائی جائے گی۔یہ یقین دہانی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیمات تنویر سیٹھ نے کرائی۔ ایوان بالا میں صفر ساعت کے دوران بی جے پی رکن گنیش کارنک کی طرف سے یہ معاملہ اٹھائے جانے پر انہوں نے کہاکہ کرناٹکا پراواسا نامی پروگرام محکمہئ تعلیمات کا حصہ نہیں ہے، یہ محکمہئ سیاحت کا ایک پروگرام ہے، ہر سال ہائی اسکول کے بچوں کو ا س پروگرام کے تحت تفریح پر لے جایا جاتاہے، جس کی نگرانی محکمہئ تعلیمات کرتا ہے، لیکن اس بار چونکہ امتحانات کے مرحلے میں طلبا کو تفریح پر لے جانے کیلئے اگر کوئی سرکیولر جاری ہوا ہے تو حکومت اس پر روک لگائے گی، طلبا پر امتحانات کے مرحلے میں پڑھائی کا دباؤ زیادہ رہتا ہے، اسی لئے اس وقت انہیں تفریح پر لے جانا درست نہیں۔ کہا جائے گا کہ تعلیمی سال کی شروعات کے مرحلے میں ہی یہ تفریح کرائی جائے۔اگر شروعات میں نہ ہوسکی تو دسمبر سے پہلے تعلیمی تفریح مکمل کرانے کی ہدایت دی جائے گی۔ مارچ میں ریاست میں کہیں بھی کوئی تفریحی پروگرام طلبا کیلئے نہ رکھنے محکمہئ تعلیمات کو سخت ہدایت جاری کی جائے گی۔ مسٹر گنیش کارنک نے وزیر موصوف کو اس مسئلہ پر متوجہ کراتے ہوئے فوراً کارروائی کی گذارش کی۔