ریاست میں کانگریس کا اقتدار پر برقرار رہنا یقینی: پرمیشور
بنگلورو:28/اپریل(ایس او نیوز) وزیر داخلہ اور کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے ایک بار پھر یہ یقین ظاہر کیا ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس ریاست کے اقتدار پر واضح اکثریت کے ساتھ قبضہ کرے گی۔ ارکلگوڈ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت میں ریاستی حکومت کے عوام پرور اقدامات کے نتیجہ میں عوام ایک بار پھر کانگریس کا ہاتھ تھامیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت میں کانگریس کے تمام قائدین متحد ہوکر کام کریں گے۔ سابق وزیراور سینئر کانگریس لیڈر ایچ وشواناتھ کی کانگریس سے ناراضگی سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اگر انہیں کچھ شکایت ہے تو وہ مجھ سے مل کر اپنی بات واضح کرسکتے ہیں، صرف اخباروں میں یہ بیانات آرہے ہیں کہ وہ کانگریس سے ناراض ہیں۔ پارٹی کے دائرہ میں اگر ایسی کوئی بات ہو تو اس پر غور کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وشواناتھ سے اپیل کی جائے گی کہ وہ کانگریس چھوڑنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ریاستی بی جے پی کے انتشار کو اس پارٹی کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ اس انتشار کے پیچھے کانگریس کار فرما ہے۔اور کہاکہ اس سے کانگریس کا کچھ بھی لینا دینا نہیں ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر جی پرمیشور کے ہمراہ ہاسن ضلع کے انچارج وزیر منجو بھی موجود تھے۔