ایس ایس ایل سی نتائج 10مئی تک متوقع: تنویر سیٹھ
بنگلورو:4/اپریل(ایس او نیوز)امسال 31/ مارچ تا 12/ اپریل کروائے گے ایس ایس ایل سی امتحانات کے نتائج کا10مئی تک اعلان کردیا جائے گا۔ یہ بات آج ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیمات تنویر سیٹھ نے بتائی۔رائچور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوے انہوں نے کہاکہ پی یو سی امتحان کے نتائج بھی 10مئی کے آس پاس ہی ظاہر کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پی یو سی پرچوں کی جانچ کا کام ریاست کے 48مراکز میں اطمینان بخش طریقے سے چل رہا ہے، جبکہ ایس ایس ایل سی کے جوابی پرچوں کی جانچ کاکام 20اپریل سے شروع ہوگا۔ تیزی سے پرچوں کی جانچ کو مکمل کرنے کیلئے اساتذہ اور لکچرارس کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں پروفیشنل کورسوں میں داخلوں کیلئے سی ای ٹی اور این ای ای ٹی امتحانات ہوں گے، نتائج سے پہلے ہی تمام امیدواروں کو ان امتحانات میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرایا گیاہے، البتہ کالجوں میں ان کا داخلہ پی یو سی امتحان میں کامیابی کی شرط پر ہی کیاجائے گا۔