بھٹکل 29/ستمبر (ایس او نیوز) یہاں بیلکے نیشنل ہائی وے پر ہوئے ایک سڑک حادثہ میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں طبی امداد پہنچانے کے بعد فوری طور پر اُڈپی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ عبدالرزاق بیلکے کے بہنوئی جناب کے ایم اسماعیل (67) جمعہ کی نماز پڑھ کر گھر لوٹ رہے تھے کہ گھر جانے والے کراس کے قریب ہی ان کی M-80 گاڑی خراب ہوگئی، نیشنل ہائی وے کے کنارے گاڑی کو پارک کرکے وہ گاڑی کی جانچ کررہے تھے کہ اچانک بھٹکل سے مینگلور جانے والی ایک تیز رفتار کار ان سے ٹکراگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسماعیل صاحب کے سرکو شدید چوٹ لگی، بتایا گیا ہے کہ ان کے دونوں پائوں کو بھی چوٹ لگی ہے ۔انہیں فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں سے اُنہیں اُڈپی لے جایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کار بھٹکل سے پھولوں کی مالائیں لے کر مینگلور جارہی تھی۔ حادثہ دوپہر قریب دو بجے پیش آیا۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔