جوہانسبرگ، 4؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کپتان ڈیوڈ ملر کی طوفانی اننگز اور اس کے بعد آخری اوورس میں گیند بازوں کی اچھی گیند بازی کی بدولت جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلہ میں پاکستان کو7 رنوں سے شکست دی ۔ ساتھ ہی ساتھ جنوبی افریقہ نے سیریز میں دو صفر سے ناقابل تسخیر برتری بھی حاصل کرلی ہے۔
ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے اتری جنوبی افریقہ کی ٹیم نے کپتان ملر (65)کی طوفانی اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورس میں تین وکٹ کے نقصان پر 188 رن بنائے اور پاکستان کو جیت کیلئے 189 رنوں کو ہدف دیا ، جس کے جواب میں گرین شرٹس 20 اوورس میں سات وکٹ پر 181 رن ہی بناسکی ۔
ڈیوڈ ملر نے 29 گیندوں پر 65 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ملر کے علاوہ ہینڈرکس نے 28 رن ، ملان نے 33 رن ، وان ڈر ڈوسن نے45 رن اور کلاسین نے پانچ رن بنائے۔ عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی کو ایک ایک وکٹ ملا ۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے شاندار اننگز کھیلی ۔ انہوں نے 58 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 90 رن بنائے ۔ علاوہ ازیں فخر زمان نے 14 ، حسین طلعت نے 55، آصف علی نے دو ، شعیب ملک نے چھ ، حسن علی نے ایک اور محمد رضوان نے ایک رن بنائے۔ ہینڈرکس اور مورس نے دو دو جبکہ فلیکوایو نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔