سہراب الدین معاملے میں امت شاہ آخر کیسے بری ہو گئے؟: سابق جج

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 15th February 2018, 11:35 AM | ملکی خبریں |

ممبئی،14فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی)سہراب الدین انکاؤنٹر معاملے میں سابق جج ابھے ٹھپسے نے کچھ ایسے سوالات اٹھائے ہیں جو بی جے پی صدر امیت شاہ کی آزادی کو کٹہرے میں کھڑا کرتی ہے۔ بمبئی ہائی کورٹ کے سبکدوش جج نے اس سلسلے میں کہا کہ ہائی کورٹ کو سہراب الدین معاملے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔ جسٹس ٹھپسے نے اس سلسلے میں اپنا نظریہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’جانچ میں کمی رہ گئی ہے۔ جن الزامات کے تحت پولیس والے پھنسے ہیں، ٹھیک ویسے ہی الزامات میں امیت شاہ آخر کس طرح بری ہو گئے؟ ایک ہی کیس میں دو طرح کی باتیں نہیں ہو سکتیں۔‘‘

سابق جج ٹھپسے نے اپنے ان خیالات کا اظہار ’دی انڈین ایکسپریس‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ فرضی انکاؤنٹر معاملے میں خاموشی توڑنے کے فیصلے پر جب ان سے سوال کیا گیا تو جسٹس ٹھپسے نے کہا کہ ’’میں اس معاملے میں بہت بے چینی محسوس کر رہا تھا اور میری بے چینی کی وجہ یہ تھی کہ میں نے اس معاملے میں کچھ ملزمین کی ضمانت کی درخواستوں کو دیکھا تھا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ 38 ملزمین میں سے 15 ملزمین کو بری کر دیا گیا ہے۔ میں ونجارا کو ضمانت دینے پر بھی مطمئن نہیں تھا لیکن مجھے دینی پڑی کیونکہ سپریم کورٹ کا آرڈر تھا کہ ان کے ساتھی ملزمین (راج کمار) پانڈیان اور چوبے کو ضمانت دینے کا حکم دیا تھا۔ جب کہ میں نے اپنے حکم نامے میں یہ واضح کر دیا تھا کہ بظاہر ونجارا کے خلاف کیس بنتا ہے۔‘‘ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنی مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے تکلیف ہوئی۔ ٹرائل کورٹ نے میرے فیصلے پر توجہ نہیں دی۔ میں نے یہ کہا تھا کہ بظاہر یہ معاملہ بنتا ہے اور یہ بہت سنگین جرم بھی ہے۔ جب اس بنیاد پر ہم نے ضمانت دینے سے انکار کر دیا تو سپریم کورٹ نے بغیر ان پہلوؤں کو دیکھے ضمانت دے دی۔ اس لئے یہ غلط ہوتا کہ اس کے بعد ونجارا کو ضمانت نہیں دی جاتی۔‘‘

مارچ 2017 میں بطور الٰہ آباد ہائی کورٹ جج سبکدوش ہونے والے ابھے ٹھپسے نے عدالتی کارروائیوں پر بھی کچھ شبہات ظاہر کئے اور کہا کہ ’’مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جس طرح عام عدالت میں کوئی سماعت ہوتی ہے، سہراب الدین معاملے میں ایسا دیکھنے کو نہیں ملا۔ بہت ساری باتیں ایسی ہوئیں جو عام طور پر بقیہ سماعتوں میں نہیں ہوتی ہیں۔ ایسے کئی ملزمین ہیں جن کو کئی سالوں تک ضمانت نہیں ملی تھی، الگ الگ عدالتوں نے ضمانت کی عرضیاں خارج کی تھیں۔ اس کا مطلب تو یہی ہے کہ جب کسی کے خلاف کیس مضبوط ہوتا ہے تبھی ضمانت کی عرضی خارج ہوتی ہے۔ ایسی صورت میں 5یا 7سال بعد کچھ ملزمین کو ضمانت کس طرح مل گئی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے کچھ لوگوں کو ضمانت تو دی تھی لیکن یہ کسی نے نہیں کہا تھا کہ ان کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔ اگر کسی کو پہلے ضمانت ملنے میں پریشانی تھی تو 5 سال بعد یہ کس طرح کہا جا سکتا ہے کہ ان کے خلاف کوئی کیس ہی نہیں تھا۔‘‘

سابق جج نے اس سلسلے میں تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ ’’بمبئی ہائی کورٹ کے کچھ احکامات میں بھی یہ لکھا ہوا ہے کہ پہلی نظر میں کیس ہے لیکن پانچ پانچ سال سے حراست میں ہیں اور اسی بنیاد پر ضمانت دی گئی۔ سپریم کورٹ نے بھی جو ضمانت دی اس میں بھی یہی کہا کہ جب کیس چل نہیں رہا ہے تو ’پری کیس ڈیٹنشن‘ میں رکھنا مناسب نہیں ہے۔‘‘ گویا کہ جن لوگوں کو ضمانت پر رہا کیا گیا تھا وہ کیس سے پوری طرح بری نہیں ہوئے تھے۔ بی جے پی سربراہ امیت شاہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سابق جج نے کہا کہ ’’جن لوگوں کے خلاف کیس چل رہا ہے ان کے خلاف بھی وہی ثبوت ہیں جو بری کئے گئے لوگوں کے خلاف ہیں۔ ایک کیس میں دو طرح کی باتیں آخر کس طرح ہو سکتی ہیں۔ دونوں باتوں کو اگر جوڑ کر دیکھا جائے تو یہ کہنا غلط ہوگا کہ بری کئے گئے لوگوں پر کوئی کیس نہیں بنتا ہے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی جسٹس ٹھپسے نے کہا کہ ہائی کورٹ کے پاس طاقت ہے کہ جو بھی ’ریویزن‘ فائل کی گئی ہے ان کی جانچ کرتے وقت اگر ہائی کورٹ یہ محسوس کرتا ہے کہ کچھ غلط ہو رہا ہے تو پہلے کے معاملوں پر نظر ثانی کرے اور یہ دیکھے کہ فیصلے صحیح کئے گئے ہیں یا نہیں۔

واضح رہے کہ سہراب الدین انکاؤنٹر معاملے میں سی بی آئی کے خصوصی جج جسٹس لویا کی موت ہوگئی تھی جس پر ان کی بہن اور ان کے والد نے شک کا اظہارکیا تھا۔ اس کے بعد اسی معاملے سے متعلق دو اہم لوگوں کی بھی موت ہوگئی۔ حالانکہ میڈیا میں اس سلسلے میں کوئی سوال تو کھڑا نہیں کیا گیا لیکن مبصرین نے اس پر بھی کئی اعتراضات کئے۔ جسٹس لویا کی موت ایک شادی تقریب کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی لیکن ان کی گردن پر خون کے نشانات کچھ اور ہی بتارہے تھے۔ اسی طرح جب دل کا دورہ پڑا تو قریبی اسپتال نہ لے جاکر دور کے اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اسی طرح کے بہت سارے سوالات تھے جن پر میگزین ’’کیروان‘‘ نے بحث کی ہے۔اس کے بعد دو تین دن قبل اسی میگزین نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ جسٹس لویا کی موت زہر سے ہوئی ہے۔ 
 

ایک نظر اس پر بھی

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

اب وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کی بیٹی کے خلاف ای ڈی نے درج کیا مقدمہ، جلد پوچھ تاچھ کا امکان

ایک طرف لوک سبھا انتخاب کی سرگرمیاں جاری ہیں، اور دوسری طرف مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن لیڈران و ان کے رشتہ داروں کو بھیجے جانے والے سمن و پوچھ تاچھ سرخیاں بن رہی ہیں۔ ابھی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری پر ہنگامہ جاری ہے اور کے. کویتا بھی حراست میں ...

لوک سبھا انتخاب 2024: کانگریس نے امیدواروں کی آٹھویں فہرست جاری کی، 14 امیدواروں کے نام شامل

کانگریس نےلوک سبھا انتخاب کے پیش نظر اپنے امیدواروں کی آٹھویں فہرست جاری کر دی۔ اس فہرست میں کانگریس نے 14 امیدواروں کا اعلان کیا ہے جن کا تعلق اتر پردیش، تلنگانہ، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ سے ہے۔ فہرست کے مطابق اتر پردیش و تلنگانہ کی 4-4 اور مدھیہ پردیش و جھارکھنڈ کی 3-3 لوک سبھا ...

پنجاب: ’بی جے پی میں شمولیت کے لیے پیسے کی پیشکش کی گئی‘، عآپ کے 3 اراکین اسمبلی کا دعویٰ

نجاب سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے تین اراکین اسمبلی نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ انھیں بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے پیسے دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔ پنجاب سے عآپ کے واحد لوک سبھا رکن اور ایک رکن اسمبلی نے بدھ کے روز بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی، اس کے بعد عآپ کے ان تین اراکین ...