کابل میں مسجد کے باہر خودکش حملے میں چھ ہلاکتیں

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 30th September 2017, 10:49 PM | عالمی خبریں |

کابل30ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)افغان دارالحکومت کابل میں شیعہ مسلمانوں کی ایک مسجد کے قریب کیے گئے خود کش حملے میں چھ افراد ہلاک جب کہ بیس دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ خودکش حملہ آور چرواہے کے بہروپ میں مسجد تک پہنچنے میں کامبیاب ہوا تھا۔خودکش حملے کا یہ تازہ واقعہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے شمالی حصے میں واقع شیعہ مسلمانوں کی ایک مسجد کے قریب پیش آیا۔ رپورٹوں کے مطابق حسینیہ مسجد میں اس وقت سینکڑوں افراد جمعے کی نماز کے لیے جمع تھے۔کابل کا یہ علاقہ شیعہ مسلمانوں کا مرکز ہے اور محرم کے حوالے سے علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ان انتظامات کے باوجود حملہ آور مسجد کے قریب پہنچنے میں کامیاب رہا۔ اس حوالے سے کابل شہر میں جرائم کی تحقیقات کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل سلیم الماس نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آور چرواہے کا بہروپ بھرے ہوئے تھا اور اس نے ’اپنی بھیڑیں چراتے ہوئے مسجد سے قریب ایک سو چالیس میٹر کے فاصلے پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا‘۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے اپنے ایک فیس بک پیغام میں لکھا کہ اس حملے میں پانچ افراد ہلاک جب کہ بیس زخمی ہوئے اور اس دھماکے کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ کابل ہسپتال کی جانب سے ایک ٹویٹ میں بتایا گیا کہ وہاں لائے گئے انیس زخمی افراد میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ فوری امدادی سرگرمیوں میں شامل ایک افغان شہری کے بقول اس نے چھ زخمی بچوں کو کابل ہسپتال پہنچایا۔اس حملے کے عینی شاہد ایک مقامی دکاندار نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آور مسجد کی جانب بڑھ رہا تھا اور وہاں سکیورٹی پر تعینات ایک رضاکار کی جانب سے روکے جانے پر اس نے خود کو وہیں پر دھماکے سے اڑا دیا۔حالیہ کچھ عرصے میں افغانستان میں شیعہ مسلمانوں پر ہونے والے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ افغان طالبان نے آج کے حملے سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔کابل کی حسینیہ مسجد پر اس حملے کی ابھی تک کسی بھی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم طالبان نے فوری طور پر اس کارروائی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو فون پر بتایا، ’’کابل میں آج کیے گئے اس حملے کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نہ یہ ہماری کوئی کارروائی ہے اور نہ ہی اس کا ہم سے کوئی تعلق ہے۔‘‘حالیہ کچھ عرصے میں کابل میں شیعہ مسلمانوں کی متعدد مساجد پر ہونے والے حملوں کے بعد حکومت نے محرم کے دوران چار سو سول رضاکاروں کو تربیت دے کر ان مسلم عبادت گاہوں کی حفاظت پر مامور کر رکھا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔

ایران کا اسرائیلی جہاز پر قبضہ، جہازپر سوار 17 ہندوستانیوں کی رِہائی کے لئےکوششیں تیز؛ کیا ایران اپنے قونصل خانے پر حملے کا بدلہ لے گا ؟

 اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی  اور  آبنائے ہرمز کے قریب  اسرائیل پر ایرانی حملے کے بڑھتے  خدشات کے درمیان ایرانی فوج  نے  ایک اسرائیلی کارگو  جہاز پر قبضہ کر لیا  جس میں 17 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  معاملہ سامنے آنے کے بعد  حکومت ہند ...