شیوسینا کارکن قتل معاملہ: پانچ کو عمر قید
تھانے23 جنوری ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) تھانے کی ایک ضلعی عدالت نے 2014 میں شیوسینا کے ایک کارکن سنجے کے قتل کیس میں آج پانچ افراد کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ضلع و سیشن جج پی آر کدم نے مہاراشٹر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو اس معاملے کی مبینہ غیر مناسب طریقہ سے تفتیش کے لئے ریٹائرڈ ہو چکے سابق تفتیشی افسر کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت بھی دی۔ بھری عدالت کے کمرے میں سزا سناتے ہوئے جج نے پانچوں ملزمین کو تعزیرات ہند کی دفعہ 302 قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مجرم ٹھہراتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی ۔ عدالت نے قصورواروں پر الگ الگ رقم کا جرمانہ بھی لگایا ہے ۔ استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے 22 جولائی 2014 کو شہر کے نوپاڑا علاقے میں روکاڑے کا وحشیانہ قتل کیا تھا ۔ پولیس کے مطابق حملے کے وقت مقتول اپنے دوست کے ساتھ تھا۔ واضح ہو کہ یہ قتل گینگ وار کی وجہ سے ہوا تھا ۔