بھٹکل تعلقہ کے شرالی نیشنل ہائی وے پر ٹمپو اور بائک کی ٹکر؛ بائک پر سوار دونوں نوجوان ہلاک
بھٹکل 7/اگست (ایس او نیوز) تعلقہ کے شرالی نیشنل ہائی وے پر پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں بائک پر سوار دونوں نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ واردات پیر کی صبح 4:20 کو اُس وقت پیش آیا جب مرڈیشور سے بھٹکل آنے والی ایک ٹمپو تیز رفتار بائک سے ٹکراگئی ۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹمپو سے ٹکر لگتے ہی بائک کا اگلا پہیہ الگ ہوکر گرگیا، جبکہ بائک سوار کی ہیلمیٹ بھی الگ ہوکر دوسری طرف جاگری ۔ دونوں سواریاں اتنی تیزی کے ساتھ ٹکرائی کہ بائک پر سوار دونوں نوجوانوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
مرنے والوں کی شناخت ہبلی کے کلگھٹگی کے رہنے والے منجوناتھ بسون گوڈا (24) اور ہنومنتپّا کالپّا (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ دونوں اُڈپی سے بائک پر سوار ہوکر اپنے گائوں کلگھٹگی جارہے تھے، جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ ٹمپو خالی تھی اور وہ بھٹکل سے مسافروں کو بھرکر ہوناور لے جانے کے لئے بھٹکل جارہی تھی۔ حادثے میں ٹمپو کے اگلے حصے کو بھی نقصان پہنچا ہے، مگر ڈرائیور یا کلینر حادثے میں محفوظ رہ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مرڈیشور پولس موقع واردات پر پہنچی اور ضروری کاغذی کاروائیاں انجام دینے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے مرڈیشور سرکاری اسپتال پہنچایا۔
مرڈیشور مضافاتی پولس تھانہ میں حادثہ کے تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے ، پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔