یہ کہنا کہ 70 سالوں میں کچھ نہیں ہوا، ملک کی بے عزتی ہے: شرد پوار
نئی دہلی ،11؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ سادھا اور کہا کہ یہ کہنا ملک کی توہین ہے کہ گزشتہ 70 سالوں میں کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر ’عوام مخالف حکومت‘ کو ہٹائیں گے۔
پوار نے ’ بھارت بند‘ کے تحت رام لیلا میدان کے قریب ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں کہا کہ یہ کہنا اس ملک کی بے عزتی ہے کہ ملک میں اس حکومت سے پہلے کچھ نہیں ہوا۔ یہ مزدوروں اور پوری قوم کی بے عزتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج جس کے ہاتھ میں اقتدار ہے، اگر وہ اٹل جی کے راستے پر جانے کی کوشش کریں گے تو یہ ان کو سچا خراج عقیدت ہو گا۔
پوار نے کہاکہ ملک میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ لوگوں کے مفادات کی حفاظت کے لئے کام کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے عوام کو نظام دینا چاہئے۔ اس عوام مخالف حکومت کو ہٹانے کے لئے کوشش ہونی چاہئے۔ اگر ہم نے کوشش کی تو ملک کے عوام کا ساتھ ضرور ملے گا۔ ہم رکنے والے نہیں ہیں۔