منڈگوڈ،25؍اگست (ایس او نیو) منڈگوڈکے باشاپور کے دیہاتیوں کو اس وقت جیل کی ہوا کھانی پڑی جب انہوں نے ہرن کے بچہ کو بچانے کیلئے ایک اژدھے کو مارڈالا۔ان دیہاتیوں نے دیکھا کہ ایک8 فیٹ لمبا اژدھا ہرن کے بچہ کو اپنا نوالہ بنانے کی کوشش کررہا ہے ۔ ان دیہاتیوں نے اژدھے کو جان سے مارڈالا جبکہ اژداھ ہرن کے بچے کو نگل چکا تھا۔ دیہاتیوں کے حملہ کے چند لمحوں کے اندر اژدھا مرگیا۔ لوگوں نے اس کے منہ سے ہرن کے بچے کو باہر نکالا مگر وہ بھی مرچکا تھا۔ اس دوران محکمہ جنگلات کے افسران کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی۔
دیہاتیوں نے بتایا کہ یہ کام ہم نے اچھے مقصد سے کیا تھا ہم چاہتے تھے کہ ہرن کے بچے کو بچایا جائے۔ ان افسروں نے16 دیہاتیوں کے خلاف ایف آئی آر داخل کی جس کے تحت ان کو جیل کی ہوا کھانی پڑی اور جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا۔