سلفی کی دیوانگی نے تین طلبا کی جان لے لی،بڑدی کے قریب گول گنبد ایکسپریس تینوں کو روندتی ہوئی گزر گئی
بنگلورو،3؍اکتوبر(ایس او نیوز) مضافات شہر بڑدی میں بنگلور میسور ریلوے لائن پر چلتی ہوئی ٹرین کے ساتھ سلفی لینے کے پاگل پن کے نتیجہ میں تین نوجوانوں کی المناک موت کا واقعہ آج صبح بڑدی کے قریب منچانائیکانا ہلی ریلوے لیول کراسنگ پر پیش آیا۔ مختلف مرحلوں میں سلفی لینے کے سنگین خطروں کے متعلق قومی وریاستی سطح پر بڑے پیمانے پر بیداری مہم چلائے جانے کے باوجود بھی اس طرح کے واقعات کا رونما ہونا افسوسناک ہے۔ بتایاجاتاہے کہ آج صبح ونڈرلا پارک میں تفریح کیلئے پہنچنے والے ان طلبا نے ریلوے لیول کراسنگ کے قریب اپنی اسکوٹر روکی اور ریل کی پٹری پر کھڑے ہوکر مختلف اقسام سلفی کھینچنے لگے۔ یہ طلبا اس بات سے بے خبر تھے کہ جس پٹری پر وہ سلفی لے رہے ہیں وہاں پر بنگلور اور میسور کے درمیان گول گنبد ایکسپریس جارہی ہے۔ تینوں سلفی لینے میں لگے رہے کہ اسی دوران صبح 9؍ بجے کے قریب تینوں طلباکو تیز رفتار ٹرین روندتی ہوئی گزر گئی۔ ان میں سے دو کی شناخت 19سالہ آنند اور 20 سالہ روہت کی حیثیت سے کی گئی ہے ایک اور طالب علم کی شناخت نہیں ہوپائی ہے، بتایاجاتاہے کہ یہ دونوں طلبا جئے نگر کے نیشنل کالج میں زیر تعلیم تھے اور دسہرہ کی چھٹیوں کے دوران ونڈرا لاپارک میں تفریح کیلئے پہنچے تھے۔ اس حادثہ کی وجہ سے وہ موبائل فونس جس میں وہ تصاویر کھینچ رہے تھے وہ بھی چکنا چور ہوگئے اور ان کے بستے بھی ریل کی پٹریوں پر بکھرے ہوئے پائے گئے۔ ونڈرلا میں تفریح کیلئے یہ تینوں نوجوان ٹی شرٹ اور برموڈا پہنے ہوئے تھے۔ اطلاع ملنے پر ان کے رشتہ داروں نے بتایاکہ ونڈر لامیں استعمال کیلئے انہوں نے نئے ٹی شرٹ اور برموڈا کل ہی خریدے تھے، صبح 9؍ بجے ہی یہ لوگ ونڈرلا پہنچ چکے تھے ، لیکن یہ پتہ چلنے پر کہ ونڈرلاکے گیٹ ساڑھے نو بجے کھلیں گے، یہ تینوں منچا نائیکانا ہلی ریلوے لیول کراسنگ کے قریب اپنی اسکوٹر روک کر سلفی لینے لگے ، اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس اور ریلوے حکام نے جائے وقوع کا معائنہ کیا۔