لشکر کمانڈر سمیت تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد، جنوبی کشمیر میں دفعہ 144نافذ
سری نگر، 17؍جون (ایس او نیوز؍آئی این ا یس انڈیا )جموں و کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہوئے تصادم میں لشکر کمانڈر جنید مٹو سمیت تین لوگوں کی موت اور پولیس ٹیم پر دہشت گردانہ حملہ ہونے کے بعد ہفتہ کو جنوبی کشمیر کے کولگام، اننت ناگ اور سری نگر میں دفعہ 144لگا دی گئی ہے۔سری نگر میں بھاری تعداد میں پولیس اور نیم فوجی دستے کو تعینات کیا گیا ہے۔وہیں سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارے گئے تینوں حملہ آوروں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔اس کے علاوہ جمعہ کو جنوبی کلگام ضلع میں انکاؤنٹر کے دوران دو شہریوں کی موت کو لے کر علیحدگی پسندوں نے بند کا اعلان کیا تھا۔غورطلب ہے کہ جمعہ کی صبح جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں واقع ارونی گاؤں میں فوج کے ساتھ پولیس اور سی آر پی ایف کے جوانوں نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن چلایا تھا ۔اس دوران سیکورٹی فورسز نے گاؤں کو چاروں طرف سے گھیر لیا تھا، فوج اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں جنید مٹو سمیت تینوں دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے تھے۔اس درمیان کچھ گاؤں والوں نے سیکورٹی فورسز کی کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے پتھر بازی بھی کی تھی۔اس کے بعد جمعہ کی شام لشکر دہشت گردوں نے اننت ناگ کے اچابل میں گھات لگا کر پولیس ٹیم پر حملہ کردیا ، جس میں ایس ایچ او فیروز ڈار سمیت چھ پولیس اہلکاروں کی موت ہو گئی۔اتنا ہی نہیں، لشکر کے دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کے چہرے پر بھی گولیاں ماری اور لاش کے ساتھ بے حرمتی کی اور پولیس اہلکاروں کے ہتھیاربھی ساتھ لے گئے ۔