بنگلور سے حج کمیٹی کے عازمین حج کا دوسرا قافلہ بھی لبیک اللہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ سوئے حرم روانہ

Source: S.O. News Service | By Jafar Sadique Nooruddin | Published on 10th August 2017, 12:51 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو:9/اگست(ایس  او نیوز) سفر حج بیت اﷲ کیلئے شہر گلستان بنگلور سے حج کمیٹی کے عازمین حج کا دوسرا قافلہ کل شب حج بھون میں لبیک اللہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ انتہائی جذباتی ماحول میں سوئے حرم روانہ ہوگیا۔ وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ، ان کے فرزند اور حج کیمپ کے چیف والینٹر آر رومان بیگ ، رومان بیگ کی اہلیہ فائزہ مرزا اور دیگر ممتاز شخصیات اور علمائے کرام نے عازمین حج کو نیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ وداع کیا۔ ترومینا ہلی میں واقع حج بھون میں عازمین حج کو رخت سفر باندھنے کیلئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ روانگی کے وقت عازمین کو احرام باندھنے اور دورکعت نماز ادا کرنے کی سہولت کے ساتھ پنج وقتہ نماز کی ادائیگی کیلئے حج بھون کی چوتھی منزل پر ایک انتہائی خوبصورت مسجد کا انتظام کیاگیا ہے۔ بسوں کی روانگی کے وقت نماز عشاء سے فراغت کے بعد عازمین کے قافلے ایر پورٹ کی طرف نکلتے ہیں۔ خصوصی بسوں کے ذریعہ روانہ ہونے والے مرد عازمین اﷲ کی طرف سے مہمان نوازی کا شرف ملنے پر احرام کی دو چادروں میں لپٹے ہوئے اپنے سفر کی تیاری میں لگ جاتے ہیں۔ چونکہ اس بار مرکزی حکومت کی حماقت کی وجہ سے حج بھون میں امیگریشن اور کسٹمز کا انتظام نہیں ہے، اسی لئے حج کمیٹی کے ذمہ داروں اور رضاکاروں کی طرف سے عازمین حج کی قبل از وقت روانگی یقینی بنائی جارہی ہے، کل وقت مقرر ہ پر رات 12-40 بجے فلائٹ 340عازمین کو لے کر روانہ ہوئی، جن میں 178مرد اور 162 خواتین شامل رہیں۔ ایرپورٹ پر امیگریشن اور کسٹمز کیلئے ان عازمین کو الگ الگ قطاریں بنانی پڑیں اور یہاں انہیں کسٹمز اور امیگریشن کلیرینس حاصل کرنے میں کافی وقت لگا۔ حج کیمپ کے کوآرڈینیٹر اور سینئر وظیفہ یاب کے اے ایس آفیسر سید اعجاز احمد نے اس سلسلے میں کہا کہ اگر حج کیمپ میں عازمین کو کسٹمزاور امیگریشن کی سہولت حاصل ہوتی تو انہیں غیر ملکی زر مبادلہ کی فراہمی کے مرحلے میں ہی کسٹمز اور امیگریشن بیک وقت ہوجاتے ، لیکن بدقسمتی سے اس بار ایسا نہیں ہوپایا۔ اس کے علاوہ عازمین حج اپنے ساتھ جو ہینڈ بیاگیج لے جاتے ہیں کسٹمز کی جانچ کے مرحلے میں اگر انہیں کھولنا پڑتا تو ماضی میں حج کیمپ میں ہی اس بیگ کو کھولا جاتا اگر کسی طرح کا شبہ کسٹمز افسران کو ہوتاتو اس کا ازالہ یہیں پر کرکے ہیندبیاگیج پر مشتمل بیاگوں کو بسوں میں لاددیا جاتا، لیکن اب امیگریشن اور کسٹمز ایرپورٹ کے حج ٹرمینل پر کئے جانے کی وجہ سے عازمین حج کی پریشانیوں میں اس لئے بھی اضافہ ہوگیا ہے کہ حج بھون میں روانگی کے وقت غیر ملکی زر مبادلہ حاصل کرنے انہیں قطار باندھنی پڑے گی اور دعاؤں کے بعد جب بسوں کی روانگی کا سلسلہ چل پڑے گا ۔ایرپورٹ پہنچنے کے بعد انہیں وہاں امیگریشن اور کسٹمز کیلئے بھی الگ الگ قطاروں میں کھڑے رہنا پڑے گا۔ وہاں اگر کسٹمز حکام کو ہینڈ بیاگیج کے کسی حصہ پر شبہ ہوگیا تو عازمین کو وہاں یہ بیاگیج کھولنا پڑے گا۔ اس سے عازمین کو جو پریشانی اور ذہنی کوفت ہوگی وہ نہیں ہونی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہاکہ وزیر شہری ترقیات وحج اور حج کیمپ کے سرپرست جناب روشن بیگ کی طرف سے یہ مسلسل کوشش ہورہی ہے کہ کسی بھی حال میں کسٹمز اور امیگریشن کی خدمات حج بھون میں ہی بحال ہوں۔ اس سلسلے میں آج ریاست بھر کے علمائے کرام نے بھی وزیر اعلیٰ سدرامیا سے نمائندگی کی ہے اور انہوں نے اس ضمن میں وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر مرکزی وزراء کو مکتوب روانہ کرنے کا یقین دلایا ہے۔ 
رشتہ داروں کا جم غفیر: حج بھون کے احاطہ میں پروازوں کے افتتاحی جلسہ کیلئے جو عارضی شامیانہ لگایا گیاتھا وہ حج کیمپ کی تکمیل تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہاں پر عازمین حج سے ملاقات کیلئے آنے والے رشتہ داروں کاجم غفیر صبح سے شام تک رہتا ہے ، اور جیسے ہی دیر رات بسوں کی روانگی کا سلسلہ چل پڑتا ہے یہ ہجوم عازمین حج کو رخصت کرنے کیلئے تمام جانب سے امڈ پڑتا ہے، حالانکہ ریاستی حج کمیٹی کی طرف سے حج بھون کے داخلی دروازے سے متصل سیڑھیاں بنوائی گئی ہیں، جہاں سے بیٹھ کر رشتہ دار عازمین حج کی بسوں کا آسانی سے نظارہ کرسکتے ہیں اور وہیں سے انہیں وداع بھی کیا جاسکتاہے، لیکن رشتہ داروں کا ہجوم اس قدر ہے کہ یہ سیڑھیاں ناکافی ہوگئی ہیں۔ رشتہ داروں کے ٹھہرنے کیلئے حج بھون سے متصل ہی کے این ایس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے احاطہ میں سابق مرکزی وزیر جناب سی کے جعفر شریف کی منظوری کے بعد عارضی شامیانہ لگوایا گیاہے۔وہاں پر بڑی تعداد میں مردو خواتین اپنے رشتہ دار عازمین حج کو وداع کرنے دور دراز اضلاع سے آمد کے بعد خیمہ زن ہیں۔ اسی عارضی شامیانہ میں ان لوگوں کو پکوان کرتے اور بڑے بڑے دستر خوان بچھاکر کھانا کھاتے ہوئے دیکھا گیا ۔ عازمین حج کی روانگی کا یہ مرحلہ ان لوگوں کیلئے بھی ایک تہوار کا سما بن چکا ہے۔ عازمین حج کے رشتہ داروں کی گاڑیوں کو پارک کرنے کیلئے بھی اس میدان کے علاوہ حج بھون کی دائیں جانب ایک وسیع وعریض میدان فراہم کیاگیا ہے۔ ایس کے گارڈن کے کارپوریٹر محمد ضمیر شاہ اور ان کی ٹیم نے دس پندرہ دنوں کی محنت اور مشقت کے نتیجہ میں اس میدان کی صفائی کروائی اور یہاں پر ریاستی حج کمیٹی کی طرف سے گاڑیوں کی پارکنگ کا بہترین انتظام کیاگیا ہے۔ 
سرکاری افسران خدمت میں مصروف:محکمۂ اقلیتی بہبود کے پرنسپل سکریٹری محمد محسن آئی اے ایس ، ریاستی حج کمیٹی کے ایگزی کیٹیو آفیسر سرفراز خان کی قیادت میں سرکاری افسران اور حج کمیٹی کے عملے کی طرف سے پچھلے آٹھ دس دنوں سے حج کیمپ کی مکمل تیاری کی نگرانی اور اب حج فلائٹس کی روانگی کیلئے مسلسل خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ مرکزی حج کمیٹی ممبئی سے تال میل نیز حج کیمپ اور ریاستی حج کمیٹی کے سرکاری امور کی انجام دہی ان افسران کی طرف سے عملے کے مکمل تعاون کے ساتھ کی جارہی ہے۔ وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کا اسٹاف بھی دن رات حج کیمپ میں خدمت انجام دے رہا ہے۔ 
حج ہاؤز اسپتال:حج ہاؤزکے احاطہ میں عازمین حج کی طبی ضروریات کی تکمیل اور ہنگامی صورتحال میں ان کے فوری علاج کیلئے ایک اسپتال بھی قائم کیاگیاہے جہاں 24گھنٹے ڈاکٹرس اور طبی عملہ مہیا کرایا گیاہے۔ ڈاکٹر ریاض باشاہ کی قیادت میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں یہاں پر عازمین حج کی خدمت میں لگی ہوئی ہیں۔ بنگلور کے علاوہ آس پاس کے اضلاع اور دیگر مقامات سے آنے والے عازمین کو بروقت طبی امداد مہیا کرانے اور دوران سفر انہیں لاحق کسی بھی طبی پریشانی سے نمٹنے کیلئے مناسب رہنمائی کرنے کیلئے یہ طبی عملہ اور ڈاکٹر لگے ہوئے ہیں۔ عازمین حج کو روانہ کرنے کیلئے آنے والے رشتہ داروں کو ان عازمین کی بسوں اور جلسے میں شریک اہم شخصیات اور علمائے کرام کا دیدار کرنے میں کسی طرح کی پریشانی نہ ہو اس کیلئے حج بھون کے احاطہ میں تین مقامات پر بڑی بڑی ویڈیو اسکرینس لگائی گئی ہیں جہاں پر حج کے قافلوں کی روانگی کیلئے ہونے والی دعائیہ تقریب ، بسوں کو روانہ کرنے کیلئے ہری جھنڈی دکھائے جانے کے مناظر او دیگر شعبوں میں جاری خدمات راست طور پر نشر کی جاتی ہیں۔ ان اسکرینوں کی فراہمی آئی ایم اے کی طرف سے کرائی گئی ہے۔ عازمین حج کیلئے حج بھون میں ناشتہ ، ظہرانہ اور عشائیہ کے انتظامات کی ذمہ داری جہاں آئی ایم اے نے لی ہے، اس کے ساتھ عازمین حج کو پھلوں کی فراہمی کا ذمہ حج کیمپ کے چیف والینٹر رومان بیگ نے لیا ہے۔ پہلی پرواز کی روانگی کے بعد تمام عازمین کیلئے پھلوں کے انتظام کوکافی سراہا گیا۔ پکوانوں کی تیاری کے مرحلے میں اس بات کا خاص خیال رکھا جارہاہے کہ عازمین حج کی صحت پر ان کا کوئی اثر نہ پڑے ، سفر سے عین قبل ان کو ایسی ہلکی غذا فراہم کی جائے کہ دوران سفر انہیں کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چونکہ بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کسٹمز اور امیگریشن کی منظوری کیلئے لگنے والا وقت اور پھر جدہ ایرپورٹ آمدکے بعد کسٹمز ، امیگریشن ، لگیج ، دفتر معلم تک پہنچنے اور اس کے بعد مقررہ عمارت تک جانے میں کافی وقت درکار ہے اسی لئے عازمین حج اس مرحلے میں بھوکے نہ رہیں ، جناب روشن بیگ نے یہ یقینی بنایا ہے کہ طیاروں میں کیٹیرنگ کرنے والی کمپنی تاج سیاٹس کی طرف سے عازمین حج کو غذا کے پیاکیٹ روانگی کے وقت مہیا کرائے جائیں، تاکہ سرزمین حجاز آمد کے بعد انہیں بھوک سے کسی طرح کی پریشانی نہ اٹھانی پڑے۔ عازمین کے قافلوں کی روانگی سے قبل تمام عازمین کو یہ پیکیٹس مہیا کرائے جارہے ہیں۔ اس دوران یہ اطلاع ملی ہے کہ بنگلور سے روانہ ہونے والے دونوں قافلے بعافیت جدہ پہنچ چکے ہیں اور پہلے قافلے میں شامل تقریباً تمام عازمین حج نے جن میں عزیزیہ اور گرین زمرے میں شامل عازمین ہیں اپنے عمرہ سے فارغ ہوچکے ہیں اور عبادات میں مصروف ہیں۔ بیشتر عازمین جنہوں نے عزیزیہ زمرے کو چنا ہے ان کا کہنا ہے کہ وہاں پر ہندوستانی عازمین کیلئے شاندار عمارتیں مہیا کرائی گئی ہیں اور عزیزیہ سے حرم شریف آنے جانے کیلئے حکومت سعودی عرب کی طرف سے مفت بس سرویس بھی مہیا کرائی گئی ہے۔ جس کا تمام عازمین اپنے سفر کے اختتام تک بھرپور استفادہ کرسکتے ہیں۔ دن یا رات کے کسی بھی پہر میں عازمین اپنی عمارت سے حرم شریف تک پہنچنے کیلئے ان خصوصی بسوں کی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ 

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔

لوک سبھا انتخاب 2024: کرناٹک میں کانگریس کو حاصل کرنے کے لیے بہت کچھ ہے

کیا بی جے پی اس مرتبہ اپنی 2019 لوک سبھا انتخاب والی کارکردگی دہرا سکتی ہے؟ لگتا تو نہیں ہے۔ اس کی دو بڑی وجوہات ہیں۔ اول، ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے، اور دوئم بی جے پی اندرونی لڑائی سے نبرد آزما ہے۔ اس کے مقابلے میں کانگریس زیادہ متحد اور پرعزم نظر آ رہی ہے اور اسے بھروسہ ہے ...