سعودی فورسز کی یمن میں حوثی باغیوں کے نئے ٹھکانوں پر بمباری
ریاض،2؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سعودی فورسز نے یمن کے علاقے حرض میں سوموار کے روز وقفے وقفے سے حوثی شیعہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے جس سے آٹھ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔حرض میں حوثی ملیشیا اور معزول یمنی صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز نے قلعہ نما محفوظ ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔ العربیہ کے نمائندے کی اطلاع کے مطابق حوثیوں نے حرض سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے جازان کی جانب میزائل فائر کیے تھے۔سعودی فورسز نے نگرانی کے برقی نظام کے ذریعے حرض میں حوثیوں کا سراغ لگانے کے بعد ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ وہ سعودی عرب کی جانب مزید میزائل داغنے کی کوشش کررہے تھے لیکن اس سے قبل ہی ان پر توپ خانے سے گولہ باری کی گئی ہے جس سے آٹھ حوثی باغی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔