ہیوسٹن : سعودی ولی عہد کا ارامکو تحقیقی مرکز کا دورہ
ہیوسٹن / ریاض 8اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہفتے کے روز امریکا کے شہر ہیوسٹن میں سعودی ارامکو تحقیقی مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر توانائی، صنعت اور معدنیات کے سعودی وزیر انجینئر خالد الفالح نے مرکز کے بارے میں بریفنگ پیش کی اور بن سلمان کو امریکا میں سعودی ارامکو کے ایجنڈے سے آگاہ کیا۔سعودی ولی عہد کو سعودی ارامکو کی تحقیق کے شعبوں، اس کے عالمی ٹکنالوجی نیٹ ورک اور توانائی کے حوالے سے انتہائی با کفایت کار انجن ٹکنالوجی کے بارے میں بھی بتایا گیا۔بن سلمان نے ہیوسٹن میں ارامکو کی تجربہ گاہوں کا دورہ کیا اور وہاں کے اہل کاروں سے ملاقات کی۔دورے کے اختتام پر ارامکو کے سربراہ امین الناصر نے سعودی ولی عہد کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔ یہ تحفہ اْس سرٹفکیٹ کے حوالے سے تھا جو ارامکو کمپنی نے ریسائیکلنگ کے عمل کے بغیر خام تیل سے کیمیائی مصنوعات تیار کرنے کی تخلیقی ٹکنالوجی کے مقابل حاصل کیا تھا۔سعودی ولی عہد نے اپنے خطاب میں ارامکو میں سرگرم عمل ارکان کو باور کرایا کہ وہ جو شان دار کام انجام دے رہے ہیں وہ دنیا کے لیے بھلائی کی نوید ہی سْنائے گا۔