امریکہ : ٹرمپ کیلئے کام کرنے کی وجہ سے ریستوراں نے وہائٹ ہاوس پریس سکریٹری سارا سینڈرس کو نکالا باہر
واشنگٹن،24؍جون(ایجنسی) امریکہ میں وہائٹ ہاوس کی پریس سکریٹری سارا سینڈرس نے ہفتہ کو کہا کہ ورجینیا میں ایک ریستوراں نے انہیں اس لئے باہر نکال دیا کیونکہ وہ ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے کام کرتی ہیں۔ خیال رہے کہ خود کو ویٹر بتانے والے ایک شخص نے جمعہ کو ایک فیس بک پوسٹ میں دعوی کیا تھا کہ کہ اس نے ریستوراں میں سارا سینڈرس کو دو منٹ تک سروس دی ، لیکن اس کے بعد انہیں ریستوراں چھوڑنے کیلئے کہہ دیا گیا ۔
یہ فیس بک پوسٹ اس وقت وائرل ہوگئی ، جب میوزیشین اور سابق امریکی ڈپلومیٹ برینن گلمور نے ہاتھ سے لکھے ایک نوٹ کا اسکرین شارٹ ٹویٹر پر شیئر کیا ۔ اس نوٹ پر" 86 سارا ہوکابی سینڈرس "لکھا تھا اور بتایا جارہا ہے کہ یہ اسکرین شارٹ ریستوراں سے لیا گیا ۔بتادیں کہ 86 کے استعمال کا مطلب ریستوراں کے ذریعہ کسی صارف کو خدمات فراہم کرنے سے انکار کرنا ہے۔
سینڈرس نے بھی ہفتہ کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا " پچھلی رات مجھے لیکنسٹن میں ریڈ ہین کے مالک نے ریستوراں چھوڑنے کیلئے کہا ، کیونکہ میں ٹرمپ کیلئے کام کرتی ہوں ، جس کے بعد میں نے ریستوراں چھوڑ دیا ، ان کا یہ قدم مجھ سے کہیں زیادہ ان کے بارے میں بتایا گیا ، میں ہمیشہ کوشش کرتی ہوں کہ لوگوں کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کروں ، اس وقت بھی جب میں کسی سے عدم اتفاق رکھتی ہوں اور میں ایسا کرنا جاری رکھوں گی"۔