کاشی میں مندر توڑے جانے کے مسئلے پر نجی بل لائیں گے سنجے سنگھ
نئی دہلی ،11دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) عام آدمی پارٹی (آپ)کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے پیر کو کہا کہ وارانسی میں کاشی کوریڈور کے نام پر مندروں کو مبینہ طور پر انہدام کرنے کے معاملے پر وہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں نجی بل لائیں گے۔کل جماعتی میٹنگ کے بعد راجیہ سبھا رکن سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ وارانسی میں کاشی کوریڈور کے نام پر پرانے مندروں کو توڑا جا رہا ہے اور وہ اس موضوع پر اسی سیشن میں ذاتی بل لائیں گے۔آپ لیڈر کے مطابق انہوں نے اجلاس میں تلنگانہ میں لاکھوں ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے مبینہ طور پر ہٹائے جانے کا موضوع بھی اٹھایا جس پر کئی اپوزیشن پارٹیوں نے ان کی حمایت کی۔سنگھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ای وی ایم میں مبینہ پریشانی کا مسئلہ اٹھایا اور بہت سے لیڈروں نے اس کی حمایت کی۔منگل کو پارلیمنٹ کا موسم سرما کا اجلاس شروع کیا جا رہا ہے۔