ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے نئے فیلڈنگ کوچ بنے ریان میرن
بارابڈوس،5؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سابق کرکٹر ریان میرن کو ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا نیا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔میرن آندری کولے کی جگہ لیں گے۔میرن جنوبی افریقہ کے ویسٹرن پراونس کے لئے کھیل چکے ہیں۔اس سے پہلے انہوں نے جنوبی افریقہ کے ڈالفن فرنچائز کے ساتھ کام کیا اور پھر افغانستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ فیلڈنگ ماہر کے طور پرجڑے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جمی ایڈمز نے نئے کوچ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم ریان کے ٹیم میں شامل ہونے کا انتظار کر رہے تھے۔ان کے پاس کھیل کا وسیع علم ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ کوچنگ عملے کے ساتھ مل کر اچھا کام کریں گے۔وہیں میرن نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے کوچنگ عملے میں شامل ہونے پر مجھے خوشی ہو رہی ہے،میں ویسٹ انڈیز کرکٹ میں ایک کھلاڑی اور ایک کوچ کے طور پر شمولیت سے خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز میں کھیل کی ایک اچھی تاریخ ہے اور اس ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی ہیں جو اچھی کارکردگی کریں گے،میں ون ڈے اور ٹی 20ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں۔