پلاسٹک کے چاول اورانڈوں کی خبریں افواہ: رمیش کمار
بنگلورو،12؍جون(ایس او نیوز)ریاست کے کسی بھی بازار میں پلاسٹک کے چاول، انڈے ، شکر ، راگی یا کوئی بھی اناج فروخت نہیں ہورہاہے، اس سلسلے میں اب تک کوئی معاملہ درج نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کسی کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کی گئی ہے، یہ بات آج وزیر صحت کے آر رمیش کمار نے لیجسلیٹیو کونسل کو بتائی۔ بی جے پی اراکین گنیش کارنک ، رگھوناتھ ملکاپورے اور دیگر کی طرف سے صفر ساعت میں ظاہر کی گئی تشویش کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت نے کہاکہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ کوئی اناج پلاسٹک یا دیگر مصنوعی شکر، پلاسٹک کے چاول، پلاسٹک کے انڈے ، پلاسٹک کی راگی وغیرہ کہیں بھی تیار نہیں ہوئے ہیں۔ اس کی مختلف لیباریٹریوں نے تصدیق کردی ہے۔ رمیش کمار نے کہاکہ اس طرح کی خبر پھیلانے سے پہلے یہ جان لینا چاہئے کہ ایک کلو گرام پلاسٹک کی قیمت 200 روپے سے کہیں بھی کم نہیں ہے، جبکہ اعلیٰ سے اعلیٰ معیار کے دھان چالیس سے پچاس روپیوں میں دستیاب ہیں۔ ساٹھ تا ستر روپیوں میں عمدہ سے عمدہ چاول بازار میں دستیاب ہے۔ اس ستر روپے کلو چاول کیلئے 200 روپے فی کلو پلاسٹک کون بے وقوف فروخت کرے گا۔اسی لئے اس طرح کی بیہودہ خبروں پر توجہ نہ دیں اور اس سلسلے میں عوامی بیداری لائیں۔ اس مرحلے میں جنتادل (ایس) کے سریکنٹے گوڈا نے کہاکہ کے آر پیٹ میں پلاسٹک کے انڈے فروخت کئے جارہے ہیں، ان انڈوں میں زردی نہیں ہے۔ پانی میں اگر ڈالے جائیں تو یہ انڈے تیرتے ہیں۔ وزیر موصوف نے اس سلسلے میں تفصیلات انہیں پہنچانے کی گذارش کی اور مزاحیہ طور پر کہا کہ اس ملک میں پلاسٹک کا اناج تیار کرنے میں ہوسکتاہے کہ کسی بیرونی طاقت کا ہاتھ ہو اسی لئے فوراً وزیراعظم نریندر مودی کو متوجہ ہونا چاہئے۔ اس سلسلے میں وہ خود ایک دو دن کے اندر وزیر اعظم مودی کو مکتوب روانہ کریں گے۔