رام مندرپراپنا رخ واضح کرے، تین ریاست جیتنے پرخوش نہ ہوں: اندریش کمار
نئی دہلی، 17؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) آرایس ایس لیڈراورمسلم راشٹریہ منچ کے سربراہ اندریش کمارنے کہا ہے کہ اپوزیشن رام مندرپراپنا موقف واضح کرے، یہ نہ سوچیں کہ دوتین ریاست جیت لیا ہے، تو آنے والے دنوں میں بھی انہیں جیت ملے گی۔ انہوں نے واضح لفظوں میں وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ 2019 لوک سبھا الیکشن میں ایسا کچھ نہیں ہوگا۔
دراصل رام مندرکی تعمیرکے مطالبے کولے کرمسلم راشٹریہ منچ کے بینرتلے آج جنترمنترپرمسلمان جمع ہوئے تھے۔ ان لوگوں کا کہنا تھا کہ اجودھیا میں رام مندربنوا کرملک میں بھائی چارہ اورامن ہوسکتا ہے، جہاں پربابری مسجد تھی، وہاں پرنماز نہیں ہورہی تھی، اس لئے اس معاملے کا ایک حل ہے کہ وہاں پررام مندربنایا جائے کیونکہ مسئلہ رام جنم بھومی کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے رام مندرکا معاملہ بہت زوروشورسے اٹھایا جارہا ہے۔ حالانکہ یہ معاملہ ابھی سپریم کورٹ میں زیرغورہے۔ تاہم اس سلسلے میں کچھ دنوں قبل اجودھیا میں بھی سادھو سنت جمع ہوئے تھے جبکہ ابھی 9 دسمبرکودارالحکومت دہلی کے رام لیلا میدان میں بھی جمع ہوئے تھے۔ یہ معاملہ لوک سبھا الیکشن سے قبل سرخیوں میں ہے، جس کے لئےہرطرف سے آواز بلند ہورہی ہے۔ حالانکہ ابھی تک اس معاملے پرحکومت یا سپریم کورٹ کی طرف سے کوئی نئی پیش رفت نہیں دیکھنے کو مل رہی ہے۔