تصادم میں جنگجو کی موت کی وجہ سے سری نگر کے کچھ حصوں میں کرفیو نافذ
سری نگر 18 نومبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) سری نگر کے مضافات میں واقع تصادم میں ایک جنگجومارے جانے کے بعد قانون وانتظام کو برقرار رکھنے کے لئے شہر کے کچھ حصوں میں پابندی نافذ کر دی گئی ہے ۔ سری نگر کے ضلع مجسٹریٹ سید عابد راشد نے بتایا کہ سری نگر کے آٹھ تھانہ علاقوں میں پابندی لگائی گئی ہے ، آج اسکول اور کالج بند ہیں اوریونیورسٹی میں بھی کام کاج ٹھپ ہیں، تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امتحان کے ایڈمٹ کارڈ کو کرفیو پاس تصور کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پرمپورا، خان یار، ایم آر گنج وغیرہ پولیس تھانہ علاقوں میں مکمل طور پر کرفیو نافذ رہے گا ۔وہیں میسوما اور کرال خرد علاقوں میں جزوی طور پر کرفیو کو نافذ العمل سمجھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون و انتظامیہ کو برقرار رکھنے کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ سری نگر کے جکورا علاقے میں کل ایک تصادم میں ایک پولیس افسرکی ہلاکت کے ساتھ ایک جنگجو بھی جاں بحق ہوگیا تھا ۔