سچن تندولکر کی بلے بازی مشیر کے طور پر خدمات چاہتے ہیں شاستری
نئی دہلی،19؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ٹیم انڈیا کے نومنتخب کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ اگر مفادات کے تصاد م کا مسئلہ آڑے نہیں آتا ہے، تو وہ بلے بازی کے مشیر کے طور پر ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کی خدمات چاہتے ہیں ۔ غورطلب ہے کہ سچن اس تین رکنی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی )کا حصہ تھے ،جس نے روی شاستری کا نام چیف کوچ کے عہدے کے لیے تجویز کیا تھا۔سی اے سی میں رکن کے طور پر سورو گانگولی اور وی وی ایس لکشمن بھی شامل تھے۔روی شاستری کے معاون اسٹاف کے طور پر منگل کو بھرت ارون کو گیندبازی کوچ، سنجے بانگر کو اسسٹنٹ کوچ اور ارشری دھر کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔غورطلب ہے کہ سی اے سی نے بلے بازی مشیر کے طور پر راہل دراوڑ اور گیندبازی کنسلٹینٹ کے طور میں ظہیر خان کے نام کی سفارش کی تھی۔سچن تندولکر کو بلے بازی مشیر بنانے کی متعلق اپنی خواہش کا اظہار شاستری نے بی سی سی آئی کی خصوصی کمیٹی کے ساتھ ملاقات میں کیا۔اس میٹنگ میں ایگزیکٹو چیئرمین سی کے کھنہ، سی ای او راہل جوہری ، ایگزیکٹو سکریٹری امیتابھ چودھری اور سی اواے کے رکن ڈائنا ایڈلجی موجود تھے۔ویسے خصوصی کمیٹی نے یہ صاف کیا ہے کہ قومی ٹیم میں کوئی بھی کردار، چاہے وہ فل ٹائمر کے طور پر ہو یا پارٹ ٹائمر کے طور پر، میں مفادات کے تصادم کا مسئلہ آڑے نہیں آنا چاہیے۔