تیرتھلّی کے جیویلرسے مانگے انڈر ورلڈ ڈان روی پجاری نے 25کروڑ روپے
شیموگہ 24؍نومبر (ایس او نیوز)بیرونی ممالک میں بیٹھ کر ہندوستان کے بلڈرس ، جیویلرز اور بڑے کاروباریوں سے ہفتہ وصولی کے نام پر کروڑوں روپے طلب کرنے کے لئے بدنام انڈرورلڈ ڈان روی پجاری نے مبینہ طور پر شیموگہ کے تیرتھلّی شہر میں واقع ایک جیویلر سے 25کروڑ روپوں کی مانگ رکھی ہے۔
جیویلر کی طرف سے پولیس میں درج شکایت کے مطابق روی پجاری نے اس سے تین مرتبہ فون پر رقم طلب کی اور اس کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر جان سے مار دینے کی دھمکی دی ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھینؤ اشوک کھرے نے بتایا کہ تحقیقات کے بعدیہ بات سچ ثابت ہوئی ہے کہ مذکورہ جیویلر کو فون کرنے والا روی پجاری ہی تھا، البتہ چونکہ یہ ایک انٹرنیشنل کال تھی، اس لئے اس کے اصل مقام کے بارے میں مزید تحقیق ہونا باقی ہے۔پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہلی میں موجود روی پجاری کی بہن کے ذریعے اسے وارننگ بھیج دی گئی ہے کہ وہ اس اقدام سے باز آجائے۔