ماؤنواز کے سازشی خط کے معاملے پر اپوزیشن پر برہم رام داس اٹھاولے
جالنہ12جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے وزیر اعظم کے قتل کی سازش کا انکشاف کرنے والے ماؤنواز لیڈر کے خط پر شک جتانے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں پر جم کر برسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو قومی سلامتی کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ اٹھاولے نے شمالی مہاراشٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ ایسے کئی مسائل ہیں جن پر آپ سیاست کر سکتے ہیں۔ لیکن اپوزیشن کو اس معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے کیونکہ یہ قومی سلامتی سے منسلک ہے۔بھیما۔ کوری گاؤں میں ہوئے تشدد کے معاملے میں گرفتار ہوئے ایک شخص کے پاس سے برآمد مبینہ ماؤنواز خط پر کچھ لیڈروں کے تبصرہ پر اکثر پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے یہ رائے دی۔پولیس نے ایک عدالت کو بتایا کہ مبینہ خط میں راجیو گاندھی قتل کی طرح ہی مودی کے قتل کی سازش کی بات ہے۔ این سی پی سربراہ شرد پوار نے خط کی صداقت پر سوال اٹھائے ہیں اور کہا کہ بی جے پی ہمدردی حاصل کرنے کے لئے خطرے کا کارڈ کھیل رہی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے کہا کہ یہ خط غیر توثیق شدہ ہے اور اور وزیر اعظم کو پختہ تحفظ فراہم کرانا حکومت کا کام ہے۔ اٹھاولے نے پانچ افراد کی گرفتاری کو بھی جائز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس ان نکسلی سرگرمیوں سے منسلک کرنے کے لئے کافی ثبوت ہیں ۔