آئین کے خلاف کام کر رہی ہیں ممتا: رام داس آٹھولے
نئی دہلی4فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال میں سی بی آئی اور پولیس کے تصادم کے پس منظر میں مرکزی وزیر رام داس آٹھولے نے پیر کو الزام لگایا کہ ریاست کی وزیر اعلی ممتا بنرجی آئین کے خلاف کام کر رہی ہیں۔
آر پی آئی (A) کے رہنما آٹھولے نے ایک بیان میں کہاکہ ممتا بنرجی سی بی آئی کی مخالفت کرکے آئین کے خلاف کام کر رہی ہیں اور یہ مکمل طور غیر مناسب ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی بدعنوانی میں ملوث ہے تو اس کی انکوائری کرنے کا پورا حق سی بی آئی کو ہے۔سی بی آئی کو تحقیقات سے روکے جانے سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ مقامی حکومت اور افسران کرپشن کو تحفظ دے رہے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ سی بی آئی کے افسران کو حراست میں لینا اور پردیش کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کا دھرنا پر بیٹھنا مناسب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی سیاست کرناٹھیک نہیں ہے اور ریاستی حکومت کو بدعنوانی کے معاملے میں تحقیقات میں تعاون کرنا چاہئے۔غور طلب ہے کہ چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملے میں سی بی آئی کی طرف سے کولکاتہ پولیس کے سربراہ راجیو کمار سے پوچھ گچھ کرنے کی کوشش کے بعد مرکزی حکومت پر سی بی آئی کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے ممتا بنرجی اتوار کی شام کولکاتہ میں دھرنے پر بیٹھ گئیں۔