رام ولاس پاسوان نے کانگریس، بی ایس پی اور ایس پی کودلت مخالف بتایا
نئی دہلی:11/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی)نے کانگریس ، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) پر دلت مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے آج ان سے 18سوالات پوچھے۔ایل جے پی کے سربراہ اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ آزادی کے بعد55برسوں تک ملک کے اقتدار پر قابضَ رہنے والی کانگریس نے آئین ساز بابا صاحب بھیم راو امبیڈکر کو نہ صرف نظرانداز کیا بلکہ انہیں لوک سبھا انتخابات میں شکست بھی دی۔انہوں نے سوال کیا کہ نہرو۔گاندھی خاندان کے تین اراکین موتی لال نہرو، جواہر لال نہرو اور محترمہ اندرا گاندھی کی پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں تصویریں لگی ہیں، جبکہ بابا صاحب کی تصویر طویل عرصہ تک وہاں نہیں لگنے دی۔ اتنا ہی نہیں بابا صاہب کو ان کے دوراقتدار میں نہ تو بھارت رتن کے اعزاز سے نوازا گیا اور نہ ہی ان کے یوم پیدائش پر قومی چھٹی کا اعلان کیا گیا۔