بی جے پی راج میں رامکتھا کرنا بھی بن گیا ہے جرم: اکھلیش یادو
لکھنؤ19 مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ رام کا نام لے کر اقتدار میں آئی بی جے پی کے راج میں رام کتھا منعقد کرنا بھی جرم بن گیا ہے۔ قنوج کے ایک گاؤں میں پیش آئے واقعہ سے تو یہی ثابت ہوتا ہے کہ اب رام کتھا یا تو افسر شاہی کی مرضی کا محتاج بنے گی یا پھر اس کا انعقاد ہونے ہی نہیں دیا جائے گا۔اکھلیش نے کہا کہ لگتا ہے کہ یوگی کے راج میں رام کتھا کو منعقد کرنے والے کی اچھی خاصی پٹائی بھی ہوگی ۔ایس پی سربراہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قنوج کے ہتھین گاؤں میں 16 مئی کو رامائن پاٹھ کے ساتھ رام کتھا کا بھی انعقاد تھا۔ یہ پروگرام شام تک ہی چلنا تھا۔ ادھر سے گزر رہے ایک ایس ڈی ایم صاحب کو یہ سب ناگوار گزرا اور انہوں نے پروگرام کے مقام پر لگے مائیک کے ہٹانے کے ساتھ وہاں رکھے سامان کو بھی توڑ دیا ۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ایس ڈی ایم کے اس آمرانہ رویہ کی مذمت کرتی ہے اور اس سانحہ کی تحقیقات سے پہلے ایس ڈی ایم کو فوری طور معطل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔اکھلیش نے کہا کہ رام کتھا کے انعقاد کرنے میں رکاوٹ ڈال کر بی جے پی نے ظاہر کردیا ہے کہ اس کی مذہبیت اور رام مندر بنانے کی باتیں صرف دکھاوا ہے۔ ان کا پہلا اور آخری مقصد صرف اقتدار کا غلط استعمال کرنا ہے۔