راجیوگاندھی یونیورسٹی کا ویب سائیٹ ہیک کرلیاگیا ڈاٹا چوری ہوجانے کا خدشہ۔امتحانات اور مارکس کارڈز سے متعلق مواد محفوظ
بنگلور۔27؍اگست(ایس اونیوز)جمعرات 25؍اگست کو راجیو گاندھی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائینز(آر جی یو ایچ ایس) کے ویب سائیٹ کو ہیک کرلیاگیا۔یونیورسٹی وائس چانسلر کے ایس رویندرناتھ نے بتایا کہ یونیورسٹی نے مختلف کورسز کے لئے درخواست فارم کی وصولی وجمع کرنے کے لئے3؍نئے سرورس کا انتظام کیاتھا۔ اس دوران فائر وال کی تنصیب نہیں کی گئی تھی۔ لہذا ویب سائٹ www.rgush.ac.inکو ہیک کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں400تک درخواست فارم سادہ کاغذات کے ساتھ آگئے ہیں۔ کہاجارہاہے کہ کچھ ڈاٹا بھی چرالیا گیا ہے۔ اس کے پیش نظر ڈاٹا سنٹر کو فوری طورپر نیشنل انفرمیٹکس سنٹرکو منتقل کردیاگیاہے۔ شعبہ امتحانات کے سرور کو اپ ڈیٹ کرنے کے ویب سائیٹ کا دوبارہ آغاز کردیاگیا ہے۔ یونیورسٹی نے اس سلسلہ میں2پولیس شکایات درج کروائی ہیں۔ ایک علاقہ کے پولیس تھانہ یعنی تلک نگر پولیس اسٹیشن اور دوسری سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں ۔رویندرناتھ نے مزیدکہاکہ ’’سوالناموں اور مارکس کارڈز جیسی حساب معلومات کی چوری نہیں ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس ہیکنگ کی بات اس وقت روشنی میںآئی جب یونیورسٹی کے رجسٹرار (ایوالیویشن)نے اپنے یوزرآئی ڈی اور پاس ورڈ کے ذریعہ لاگ ان کرنے کی کوشش کی۔ وہ کچھ ڈاٹا اپ لوڈ کرنا چاہتے تھے۔ یونیوسٹی نے شعبہ امتحانات کے سرورمیں ڈاٹا اسٹورکیاتھا۔ رجسٹرارکو احساس ہوا کہ ڈاٹا چوری کرلیا گیا ہے۔ یہ ڈاٹا امتحانات اور داخلوں سے متعلق تھا، پولیس نے اس بات کی اطلاع دی ہے۔ مزید تفصیلات اکٹھاکرنے کے لئے پولیس کی ایک ٹیم نے یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس نے بتایا کہ ہیکرس نے ڈاٹا میں تبدیلی کردی ہوگی۔ اطلاع کے مطابق ان ہیکرس نے انگریزی زبان میں یونیورسٹی حکام کے نام یک سطری پیغام چھوڑاہے کہ ویب سائیٹ کو بحال کرنے کے لئے رابطہ کریں۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔