رافیل معاہدہ : وزیر اعظم کو صفائی پیش کرنے کی ہمت نہیں ہے : راہل گاندھی
امیٹھی 24 ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج ایک بار پھر رافیل سودے کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی کی شدید نکتہ چینی کی۔ راہل نے جائس میں ایک جلسہ عام میں رافیل سودے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایچ اے ایل سے کانٹریکٹ چھین کر انل امبانی کو کیوں دیا گیا؟ بھارت کے عوام رافیل سودے کی قیمت جاننا چاہتے ہیں ۔انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کے چوکیدار ہندوستانی افواج اور شہیدوں کی جیب سے 20 ہزار کروڑ روپے نکال کر انل امبانی کی جیب میں ڈا ل دیا ہے۔کانگریس صدر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اس بارے میں صفائی نہیں دے سکتے ہیں کیونکہ ان میں صفائی پیش کرنے کی جرات نہیں ہے۔ نریندر مودی تقریر کرتے ہیں لیکن جواب نہیں دے پاتے ہیں۔راہل نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں کسان رو رہے ہیں، غریب رو رہے ہیں. موجودہ حکومت پورا کا پورا فائدہ پانچ دس لوگوں کو ہی پہنچا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انل امبانی، وجے مالیا، نیرو مودی اور للت مودی جیسوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے اور ملک کے عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی جار ہی ہے ۔