فرانس کے سابق صدراولاند کی وضاحت کے بعد اب شک کی کوئی گنجائش نہیں: راج ناتھ سنگھ
لکھنؤ25 ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے رافیل سودے کو لے کر بی جے پی پر حملہ آور کانگریس پر بے وجہ ایشو بنانے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ فرانس کے سابق صدراولاند کی وضاحت کے بعد اب اس معاملے کاتصفیہ ہو چکا ہے۔ر اج ناتھ سنگھ نے وسطی علاقائی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں ایک سوال پر کہا کہ رافیل سودے کو لے کر فرانس کے سابق صدر اولاند کی وضاحت آ چکی ہے ؛لہٰذا اب اس معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں رہ گئی ہے۔انہوں نے کانگریس پر الزام لگایا کہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں سیاسی مفاد کے لیے کانگریس بلاو جہ’ ’ مسئلے ‘‘کو ’’مسئلہ‘‘ بنا رہی ہے۔ سنگھ نے الزام لگایا کہ اپوزیشن کے پاس اب کوئی مسئلہ نہیں رہ گیا ہے اسی لیے وہ رافیل معاملے کو بے وجہ مسئلہ بنا رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے ایک اور سوال پر کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بڑھ نہیں رہا ہے، بلکہ انہیں یقین ہے کہ یہ مسئلہ ضرور حل ہوگا۔انہوں نے کہا ہم سب سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ جہاں تک دہشت گردی کا سوال ہے تو تمام سیکورٹی ایجنسیاں باہمی تال میل کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔وزیر داخلہ نے الزام لگایا کہ کشمیر میں دہشت گردی مکمل طور پر پاکستان کی طرف سے ا سپانسرڈ ہے۔سنگھ نے وسطی علاقائی کونسل کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں 22 میں سے 20 نکات کو حل کیا گیا ہے باقی دو مسئلہ کو اگلی میٹنگ میں حل کیا جائے گا۔