پتور: منگلورو جارہے ٹرک ڈرائیور کو باندھ کرنیشنل ہائی وے 75پر لوٹا گیا
پتور26؍مارچ ( ایس او نیوز) ایک تین رکنی لٹیروں کی ٹیم نے نیشنل ہائی وے 75پر مال سے لدے ہوئے ٹرک کو روکا اور ڈرائیور کے منھ میں کپڑا ٹھونس کر اسے باندھنے کے بعد ٹرک سے کچھ ساما ن کے علاوہ ٹرک ڈرائیور کے پاس موجود 5,200روپے اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان لیور کمپنی کے صابن، واشنگ پاؤڈراور دیگر سامان سے بھرا ہوا ٹرک چکبالاپور سے منگلورو کی طرف جارہا تھا توصبح کے وقت اپن انگڈی کے قریب بغیر نمبر پلیٹ والی انڈیکا کار میں سوار ہوکر آنے والے لٹیروں نے ٹرک کا راستہ روکا۔ پھر ڈرائیورامبریش پر حملہ کرکے اس کو باندھنے کے بعد ٹرک میں موجود سامان کے باکس کھول کر کوئی خاص چیز تلاش کرتے رہے ۔ کھلے ہوئے باکس یہاں وہاں بکھیرنے کے بعد کچھ باکس اپنے ساتھ لے کر چلے گئے۔
جب صبح 5.30بجے کے قریب اسی کمپنی کا ایک دوسرا ٹرک اس مقام پر پہنچا تو لوٹ کامعاملہ سامنے آیا۔ ٹرک میں بے ہوش پڑے ہوئے ڈرائیور کو اسپتال میں منتقل کیا گیا۔کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں کچھ دیر کے لئے ایک جیپ یہاں سے وہاں گھومتی اور چکر لگاتی نظر آئی تھی۔ شاید وہ لٹیروں کے ساتھی تھے جو سڑک کی نگرانی کررہے تھے اور لٹیروں کو سہولت فراہم کررہے تھے۔اپن انگڈی پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔