بوائے فرینڈ سے دھوکہ ملنے پر 18 سال کی لڑکی نے انسٹاگرام پر کی لائیو خودکشی
پھگواڑا (پنجاب)،18؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) بوائے فرینڈسے دھوکہ ملنے پر 18 سالہ ایک لڑکی نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی اور سوشل میڈیا پر خودکشی کو لائیو بھی کر دیا۔
ستنام پورہ تھانہ کے ایس ایچ او ایس ایس پاترا نے کہا کہ لڑکی کی شناخت ہوشیار پور ضلع کی منیشا کے طور پر ہوئی ہے جو یہاں کے مانسا دیوی شہر محلہ میں کرایہ کے مکان میں رہ رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات دیر رات اس نے اپنے کمرے میں پھانسی لگالی اور اپنی خودکشی کو انسٹاگرام پر لائیو کر دیا۔ پولیس افسر نے کہا کہ اس کے کمرے میں پائے گئے نوٹ سے پتہ چلا کہ اپنے بوائے فرینڈ سے دھوکہ ملنے کے سبب اس نے خودکشی کا اقدام کیا ۔
انہوں نے کہا کہ سوسائڈنوٹ میں اس دوست کا نام’’اندر‘‘ لکھا ہوا تھا، لیکن اس کا پتہ نہیں لکھا ہوا ہے ،ہم معاملے کی مزید تفتیش کررہے ہیں ۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ لڑکی کی لاش سول ہسپتال میں رکھی ہوئی ہے۔ اس کے والد این آر آئی ہیں جو فرانس میں بس گئے ہیں اور ماں کا چند ماہ قبل انتقال ہو گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کے والد کو واقعہ سے آگاہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منیشا یہاں کام تلاش کر رہی تھی۔ ہم نے اس کے موبائل کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور آگے کی کارروائی کے لئے فون کالس کی تفصیلات کھنگالیں گے ۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔