پونے میں گلاب جامن کھا کر 180طلبا بیمار، 17آئی سی یو میں
ممبئی،29؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پونے ضلع میں واقع لونی کالبھور علاقہ میں واقع ایم آئی ٹی کالج میں منگل کی شام کو ناشتہ میں گلاب جامن کھانے سے 180طلبا بیمار ہو گئے ۔ ان طلبا کو علاج کے لئے وشوکرما اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ بدھ کی صبح اسپتال کے جنرل وارڈ میں 80طلبا کا علاج ہو رہا ہے جبکہ 17طلبا کی حالت نازک بنی ہو ئی ہے۔ ان کا علاج آئی سی یو میں جاری ہے۔ اس واقعہ سے یہاں کالج احاطہ میں افراتفری کا ماحول ہے۔
ذرائع کے مطابق منگل کے روز پنے میں واقع ایم آئی ٹی کالج میں ناشتہ میں گلاب جامن کھانے کے بعد طلبا کو الٹی دست ہونے لگا۔ یہاں طلبا کو پیٹ درد اور سر درد کی شکایت ہونے لگی تھی۔ اس واقعہ کے بعد تمام 180بیمار طلبا کو علاج کے لئے وشوکرما اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ ان میں سے 17طلبا کو نازک حالت کے سبب آئی سی یو میں داخل کروایا گیا ہے۔ اسپتال میں طلبا کے بیمار ہونے کے بعد بھی اس کی اطلاع مقامی پولس کو دینا ضروری ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ اس لئے مقامی پولس اسپتال کے خلاف بھی رپورٹ سینئر حکام کو بھیجنے والی ہے۔
واقعہ کی اطلاع دیر شب پولس کو ملی ۔ اس کے بعد پولس نے کالج کینٹین سے کھانے پینے کی اشیاء برآمد کر فورینسک جانچ کے لئے بھیج دیا ہے۔ پولس اس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔