پلوامہ حملہ: پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ہندستان سے طلب کئے ثبوت، کہا ۔ جنگ تھوپی تو جواب دیں گے
نئی دہلی،19 فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) جموں۔کشمیر کے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے کو لیکر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے آخر کار اپنی چپی توڑ دی ہے۔ حالانکہ اس حملے کو لیکر اپنے پہلے رسمی بیان میں عمران خان نے تمام الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر بغیر کسی ثبوت الزام لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہند ہمیں ثبوت دے کہ پلوامہ حملے میں پاکستان کا ہاتھ ہے۔ میں خود اس پر ایکشن لوں گا۔ انہوں نےکہا کہ جب بھی ہندستان سے ہم بات چیت کی بات کرتے ہیں ہندستان کہتا ہے کہ پہلے دہشت گردی ختم کرو۔
پاکستانی وزیر اعظم نے دھمکی بھرے انداز میں کہا کہ اگرآپ (ہندستان) ہم پر حملہ کریں گے تو ہم اس کا جواب دینے میں سوچیں گے نہیں۔ ہم بھی جانتے ہیں کہ جنگ شروع کرنا انسانوں کے ہاتھ میں ہے لیکن اس کا انجام صرف اوپر والا ہی جانتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہندستان۔پاکستان کے درمیان جو بھی مسئلہ ہے اسے بات چیت سے سلجھایا جانا چاہئے۔