شرڈی گھاٹ کی سڑک 5 جولائی تک ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی: مینگلور میں ایچ ڈی ریونا کا تیقن
منگلورو،21؍جون(ایس او نیوز) شراڈی گھاٹ کی سڑک پرجاری دوسرے مرحلہ کا تعمیری کام اگلے تین تا چاردنوں میں مکمل ہوگا جس کے بعد 10دن واٹر کیوزنگ ہوگی اور 5جولائی کے اندر شراڈی گھاٹ ٹرافک کے لئے کھول دیاجائے گا۔ اس بات کی اطلاع ریاستی وزیر برائے محکمہ تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا نے دی۔
جنوبی کنڑا ضلع پنچایت کے نیتراوتی ہال میں جنوبی کنڑا اوراڈپی اضلاع میں بارش سے ہوئے نقصانات کاجائزہ لینے طلب کردہ کے ڈی پی اجلاس کے بعد وہ اخباری نمائندوں سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ چارمڑی گھاٹ ،سمپاجے گھاٹ، شراڈی گھاٹ اورسبرامنیا تاوتگور گھاٹ پر بارش کی وجہ سے سڑکیں خراب ہوئی ہیں اورضلع ڈپٹی کمشنر نے اس بات کی جانب توجہ مبذول کروائی ہے کہ منگلور ومیں چند مقامات پر قومی شاہراہ بورڈ کے فلائی اوورس سے مسئلہ پیدا ہواہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس مسئلہ سے نمٹنے کی کوشش کی جائے گی جبکہ چارمڑی گھاٹ میں مستقل پکی سڑک کی تعمیر کے لئے 250کروڑ روپے درکارہیں اس کی ایک تفصیلی رپورٹ تیارکرکے مرکزی حکومت کو پیش کی جائے گی ۔
شراڈی، سمپاجے اور ونگور سڑکوں کی ترقی کو اہمیت دی جائے گی۔ ریونا نے بتایاکہ بی سی روڈ تاسمپاجے ،پتور اورسلیا روڈ کی دونوں جانب ڈرئنیج کی تعمیر ہوگی اس سلسلہ میں محکمہ جنگلات کے افسران کے ساتھ اجلاس طلب کرکے مناسب قدم اٹھایاجائے گا۔انہوں نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنرنے یہ اطلاع دی ہے کہ منگلورو میں حال میں ہوئی موسلادھاربارش کی وجہ سے شہر کے پمپ ویل اور توکوٹوکے قریب زیرتعمیر فلائی اوور کے تعمیری کاموں میں تاخیر سے طوفان کاخطرہ زیادہ ہوگیا ہے اوراڈپی ضلع میں بھی اسی طرح کے مسئلہ کاذکر ڈپٹی کمشنر نے کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ایک ہفتہ کے اندر دونوں اضلاع کے افسران کاایک اجلاس طلب کرکے مسئلہ حل کیاجائے گا۔
ریونا نے بتایاکہ جنوبی کنڑا ضلع میں بارش کی وجہ سے محکمہ تعمیرات عامہ کی سڑکوں کے لئے 6کروڑ اوراڈپی ضلع میں 1.20کروڑ کانقصان ہواہے اور اگردونوں اضلاع کے افسران نقصانات کی رپورٹ پیش کریں گے تو رقم منظور کی جائے گی۔
رکن اسمبلی سنجیو مٹھندور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بنٹوال تاسلیا سڑک پر ڈرینیج نظام نہیں ہے جس کی وجہ سے گندہ پانی سڑکوں پر ہی بہتاہے موڈبدری میں 106کلومیٹر سڑک محکمہ تعمیرات عامہ کے ماتحت ہے بارش کی وجہ سے اہم سڑکوں کی خستہ حالی سے تقریباً 2.5کروڑ کا نقصان ہواہے۔ رکن اسمبلی اوماناتھ کوٹیان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی کنڑا ضلع کے تمام محکمہ تعمیرات عامہ کی سڑکیں خستہ حال ہوچکی ہیں ان کی مرمت کی جائے گی۔ جنوبی کنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ششی کانت سینتھل نے ضلع میں بارش سے ہوئے نقصانات کی تفصیل پیش کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ زبردست بارش سے ضلع میں 19کروڑ کانقصان ہواہے۔ اڈپی ضلع ڈپٹی کمشنر میری فرانسس نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں جنوبی کنڑا ضلع پنچایت سی ای او ڈاکٹر روی، اڈپی کے سی ای او شیوانندکالپے ، منگلورو پولیس کمشنر سریش ودیگر موجود تھے۔