سرکاری اسپتالوں کی زبوں حالی کیلئے درپردہ مافیا ذمہ دار: رمیش کمار

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 7th June 2017, 11:14 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،6؍جون(ایس او نیوز)ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں موجودہ صورتحال کو سدھار کرانہیں عوام پرور بنانے کیلئے کوشش کی جارہی ہے، لیکن چند مفاد پرست طاقتیں مختلف اشکال میں ان کوششوں کو ناکام بنانے میں لگی ہوئی ہیں۔یہ بات آج ریاستی وزیر برائے صحت رمیش کمار نے ریاستی اسمبلی میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ ان مفاد پرست عناصر کی نشاندہی کرکے ان کی سرکوبی کرنے کے ساتھ اسپتالوں کو سدھارنے کیلئے تمام حلقوں سے تائید درکار ہے ۔ صفر ساعت میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر کی طرف سے شیموگہ کے میگان اسپتال میں پیش آئے غیر انسانی واقعہ کا معاملہ اٹھائے جانے پر مداخلت کرتے ہوئے رمیش نے یہ اعتراف کیا کہ ان میں وہ جرأت نہیں ہے کہ یہ کہہ سکیں کہ تمام سرکاری اسپتالوں کی صورتحال سدھر چکی ہے، اسی لئے وہ اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ سرکاری اسپتالوں کو ترقی پرور شکل دی جائے۔ یہاں علاج کیلئے آنے والے غریبوں کو بہتر سہولیات مہیا کرائی جاسکے اور ساتھ ہی یہاں کے عملہ پر نظر رکھنے کیلئے عوام میں بیداری لائی جائے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اسپتالوں میں ڈیالیسس ، سی ٹی اسکیان ، ایم آر آئی، سہولیات اگر شروع کردی جائیں تو نجی اسپتالوں کی آمدنی پر اثر پڑنے کے خوف سے پوشیدہ عناصر یہ کوشش کرتے ہیں کہ سرکاری اسپتالوں میں یہ سہولیات کسی بھی حال میں قائم نہ ہونے پائیں۔ ایسے مافیا کو ناکام بناتے ہوئے سرکاری اسپتالوں کو سدھارنے کی کوشش ریاستی حکومت کی طرف سے کی جارہی ہے۔ اس سمت میں حکومت نے چند ٹھوس قدم اٹھائے ہیں ، جو تعمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ اس کے علاوہ رمیش کمار نے اسپتالوں کی صورتحال میں سدھار لانے کیلئے ایوان کے ہر ممبر سے تعاون طلب کیا اور کہاکہ حکمران یا حسب اختلاف کے امتیاز سے بالاتر ہوکر اس صورتحال کو سدھارنے کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی مخلوعہ اسامیوں کو پرکرنے کیلئے کرناٹکا پبلک سرویس کمیشن کی طرف سے جدوجہد کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بارہا کوششوں کے باوجود دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے کیلئے ڈاکٹر راضی نہیں ہورہے ہیں۔ سرکاری ملازمت کی طرف بھی ان کی توجہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلقہ اسپتالوں میں ماہر ڈاکٹروں کو ماہانہ 1.25لاکھ روپیوں کی تنخواہ پیش کئے جانے پر بھی ڈاکٹر دستیاب نہیں ہیں۔ ریاست بھر میں سرکاری اور نجی 53میڈیکل کالجس ہیں ، سالانہ ان کالجوں سے فارغ ہونے والے ہزاروں ڈاکٹر کہاں غائب ہوجاتے ہیں پتہ نہیں۔ شیموگہ کے میگان اسپتال میں امیر صاب نامی ایک مریض کو ان کی بیوی فہمیدہ کی طرف سے ایکسرے وارڈ تک کھینچ کر لے جائے جانے کے واقعہ کو معاشرہ کیلئے باعث شرم قرار دیتے ہوئے رمیش کمار نے کہاکہ اس کیلئے ذمہ دار عملہ کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے، لیکن ان کا یہ ماننا ہے کہ نچلی سطح کے عملے پر کارروائی کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔اس کیلئے ذمہ دار اعلیٰ حکام کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے جب معاملہ اٹھایا تو جواب دیتے ہوئے وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل نے کہاکہ میگان اسپتال میں مریض کو وہیل چیر فراہم نہ کرنے کی پاداش میں ڈی گروپ کے ایک ملازم اور تین نرسوں کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر تین افسران کو بھی وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک واقعہ کو بنیاد بناکر یہ الزام لگادینا درست نہیں کہ ریاست بھر میں صحت کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے، اس سلسلے میں میڈیا میں آنے والی تمام خبریں صد فیصد سچ نہیں ہیں۔ وزیر موصوف کے اس بیان پر بی جے پی کے سی ٹی روی اور کے جی بوپیا نے سخت اعتراض کیا۔ اسی بات کو لے کر بی جے پی اور کانگریس اراکین میں نوک جھونک بھی ہوئی ،جس کے بعد رمیش کمار نے مداخلت کی۔

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔