تمام درخواست دہندوں کو سائٹوں کی فراہمی ناممکن: نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور
بنگلورو،11؍جولائی(ایس او نیوز)نائب وزیراعلیٰ اور وزیر ترقیات بنگلور ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ترتیب دئے جارہے سر ایم وشویشوریا نگر لے آؤٹ میں رینیو سائٹوں کے لئے مقررہ مدت میں جن لوگوں نے درخواست دی ہے ان تمام کو سائٹوں کی فراہمی ممکن نہیں۔
ایوان بالا کے وقفۂ سوالات میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وشویشوریا لے آؤٹ میں 202 اور توسیعی لے آؤٹ میں 141 جملہ 343 افراد کو سائٹ رجسٹریشن کارڈ دیا گیا ہے۔ چوڈا ریڈی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریوینیو سائٹوں کی تقسیم کے متعلق ہائی کورٹ نے جو حکم صادر کیا ہے اس کی تعمیل کرتے ہوئے 90 دنوں کے اندر سائٹ رجسٹریشن کے ساتھ مہیا کرانے کی ہدایت دی گئی ، لیکن بعد میں بی ڈی اے کی طرف سے ایک اور معاملہ عدالت سے رجوع کیا گیا جس کے سبب سائٹوں کی فراہمی کے وقفے کو بڑھادیا گیاہے۔
اس وقفے کی تکمیل کے بعد جو درخواستیں موصول ہوئی ہیں ان میں سے کسی کو سائٹ رجسٹریشن کارڈ نہیں دیاگیا البتہ لے آؤٹ کے اگلے مراحل میں انہیں سائٹ مہیا کرانے پر غور کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ سائٹ فراہم کرنے کے لئے 4100 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے اب تک صرف 20 لوگوں کو متبادل سائٹس مہیا کرائے جاسکے۔