فرانسیسی شہروں میں زرد جیکٹوں والے مظاہرین کا احتجاج
پیرس:15/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) فرانس کے مختلف شہروں میں زرد جیکٹوں والے حکومت مخالف مظاہرین مسلسل پانچویں ویک اینڈ پر احتجاج کے لیے جمع ہیں۔ صدر ایمانوئل ماکروں کی حکومت کے خلاف مظاہروں کا یہ سلسلہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر شروع ہوا تھا۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں مظاہرین کی پرتشدد کارروائیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کی ایک بڑی نفری متعین کی گئی ہے۔ ماکروں حکومت کے وزیر داخلہ کے مطابق مختلف شہروں میں انہتر ہزار کے قریب پولیس اہلکار اضافی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔ صدر ماکروں نے مظاہرین سے کہا ہے کہ وہ احتجاج کو ترک کریں کیونکہ فرانس امن کا متمنی ہے۔