بلگاوی میں مذبح کے قیام کے خلاف ریلی
بلگاوی۔ 9اگست (ایس او نیوز ) پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر عوامی تنظیموں اور لیڈروں نے بیلگاوی ضلع کے ہیرا باگواڑی گاوں میں مجوزہ مذبح کے خلاف شہر میں بڑے پیمانے پر ریلی نکالی۔ ہیراباگواڑی ملک پروڈکشن ساہکاری سنگھ کے ارکان اور دیہاتیوں نے بی جے پی کے رکن اسمبلی سنجے پاٹل ' کرناٹک کانگریس کے شعبہ خواتین کی صدر لکشمی ہیبالکر کے سا تھ ڈپٹی کمشنر کے دفتر تک مارچ نکالا اور اس خیال کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ کرناٹک حکومت نے اس گاوں کیلئے ایک مذبح کی تجویز کو منظوری دی ہے تاہم یہاں کے لوگوں نے یہ کہتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے کہ یہ علاقہ کافی سرسبز و شاداب ہے اور کسان اپنی اہم زرعی اراضی پر منحصر ہیں۔ اگر یہاں پر مذبح قائم کیا جائے تو اس علاقہ میں آلودگی پیدا ہوگی۔ انہو ں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذبح کے پراجکٹ کو فوری منسوخ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں بڑے پیمانے پر جانوروں کا چارہ اگتا ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اس علاقہ کو چارہ کے تحفظ کے زون کے طور پر قرار دے ۔ مسلم طبقہ کے ارکان کی کثیر تعداد نے بھی اس احتجاج میں حصہ لیا۔ انہو ں نے اس گاوں میں مذبح کے قیام کی مخالفت کی۔