گنگولی میں کچرا ٹھکانے لگانے کا مرکز قائم کرنے کے خلاف عوام کا احتجاج
گنگولی 22/اگست (ایس او نیوز) کنداپور تعلقہ کے گنگولی کے قریب باوی کٹہ علاقہ کے پورٹ یارڈ میں پنچایت کی طرف سے کچروں کو ٹھکانے لگانے کا مرکز قائم کئے جانے کی مخالفت میں مقامی عوام نے سخت احتجاج کیا اور پنچایت آفس کے سامنے ہی دھرنے پر بیٹھ گئے۔ احتجاجیوں کا مطالبہ تھا کہ وہ کسی بھی حال ہی میں متعلقہ جگہ پر کچروں کو ڈمپنگ کرنے کے لئے نہیں دیں گے۔ احتجاجیوں نے پنچایت کی طرف سے اس طرح کا منصوبہ بنانے پر پنچایت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
اطلاع ملتے ہی گنگولی پولس موقع پر پہنچی اور احتجاجیوں کو سمجھانے کی کوشش کی مگر احتجاجی اس بات پر بضد ہوگئے کہ جب تک رکن اسمبلی صاحب موقع پر نہیں پہنچیں گے وہ یہاں سے نہیں ہٹیں گے۔؎
احتجاج صبح قریب دس بچے شروع ہوا تھا، کافی دیر بعد قریب بارہ بجے بیندور کے رکن اسمبلی گوپال پجاری موقع واردات پر پہنچے اور احتجاجیوں سے میمورنڈم حاصل کیا۔ انہوں نے احتجاجیوںسے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کے حل کا یقین دلایا۔ انہوں نے اُڈپی ڈپٹی کمشنر سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے مقامی عوام کے جذبات سے اُنہیں آگاہ کرایا بعد میں احتجاجیوں کو یقین دلایا کہ جگہ کا پھر ایک بار سروے کرایا جائے گا اور کچروں کو ٹھکانے لگانے کے تعلق سے بعد میں فیصلہ لیا جائے گا۔
رکن اسمبلی کے دئے گئے بھروسے کے بعد احتجاجیوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔