ریلوے ٹی ٹی کے خلاف بھٹکل ریلوے اسٹیشن پرٹرین روک کر سخت احتجاج؛ خاتون کو دھکا دینے سمیت مسافروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا الزام

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 19th October 2016, 4:28 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 18/اکتوبر (ایس او نیوز) مینگلور سے بھٹکل آنے کے دوران منگلا ایکسپریس ٹرین پر ایک خاتون کو چھونے اور اس کے ساتھ بدسلوکی کرنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی بھٹکل کے عوام بھاری تعداد میں ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئے اورچین کھینچ کر ٹرین کو روک دیا۔ یہ واردات منگل کی شب قریب 11 بجے پیش آئی۔عوام کا مطالبہ تھا کہ بھٹکل کے خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے ٹی ٹی کواُن کے سامنے پیش کیا جائے اور اُسے فوری گرفتار کرتے ہوئے اُس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے بصورت دیگر وہ ٹرین کو بھٹکل سے آگے بڑھنے نہیں دیں گے۔اس دوران ریلوے حکام اور مقامی پولس کے ساتھ عوام کی کافی دیر تک زبانی جھڑپیں ہوئی اورقریب 40/45منٹ بعد متعلقہ ٹی ٹی کے خلاف ریلوے پولس میں شکایت درج کرنے اور اُس کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا یقین دلانے کے بعد ہی ٹرین کو آگے بڑھنے دیا گیا۔ 

بتایا گیاہے کہ بھٹکل علوہ اسٹریٹ کے مجیب ائیکری نامی ایک شخص تین عورتوں اور دو بچوں کے ساتھ جنرل ٹکٹ لے کر مینگلور سے بھٹکل آنے کے لئے منگلا ایکسپریس ٹرین پر سوار ہوئے تھے، مگر وہ  اضافی چارجس دینے کے ارادے سے جنرل ڈبے کے بجائے سلیپر کوچ پر چڑھ گئے۔ مجیب ائیکری نے بھٹکل ریلوے پولس کو بتایا کہ اُڈپی کے قریب ٹی ٹی نے اس سے ٹکٹ پوچھا اور جنرل ٹکٹ دیکھ کر 530/ روپیہ اضافی چارجس ادا کرنے کے لئے کہا، اس سے پہلے کہ وہ اضافی چارجس ادا کرتا، دوسرا ایک ٹی ٹی بھی اُدھر آٹپکا اوران کے ساتھ بد تمیزی کے ساتھ پیش آنا شروع کیا، مجیب کے مطابق متعلقہ ٹی ٹی نے سلیپر سیٹ پر سوئی ہوئی ان کی بہن کو دھکا دیتے ہوئے اُسے سیٹ سے اُٹھنے کے لئے کہا، معاملہ اُس وقت بے قابو ہوگیا جب ٹی ٹی نے خاتون کو چھوتے ہوئے اُسے زبردستی جگایا اور ڈبے سے باہر جانے کے لئے کہا۔ مجیب نے  ریلوے پولس سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ٹی ٹی کے خلاف خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور اُس کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا معاملہ درج کیاجائے اور اُس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔

 بتایا گیاہے کہ اُڈپی اسٹیشن کے قریب یہ واقعہ پیش آیا تھا، ٹی ٹی کے ذریعے خاتون کو چھوکر اُسے دھکہ دینے اور تمام لوگوں کو ڈبے سے باہر جانے کی بات پر متعلقہ ڈبے پر موجود دیگر مسافر وں نے بھی سخت اعتراض کیا۔ خبر ملی ہے کہ جیسے ہی ٹرین اُڈپی اسٹیشن پر رُکی، ڈبے پر موجود دیگر مسافروں نے بھی واقعے پر سخت ہنگامہ کیا اور اُڈپی ریلوے پولس میں متعلقہ ٹی ٹی کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا، بتایا گیاہے کہ مسافروں نے ٹرین کو اُڈپی اسٹیشن پر قریب آدھے گھنٹے تک روک کر سخت احتجاج کیا، اُڈپی اسٹیشن پر ٹرین روک کر احتجاج کرنے کی اطلاع جیسے ہی وہاٹس ایپ کے ذریعے بھٹکل کے عوام کو ملی، رات قریب گیارہ بجے عوام کا جم غفیر بھٹکل ریلوے اسٹیشن پرجمع ہوگیا۔ جیسے ہی ٹرین 11:20 کو بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر رُکی، تین منٹ بعد ٹرین روانہ ہونے والی تھی، مگر بتایا گیا ہے کہ عوام نے ٹرین کا چین کھینچ لیا اور ٹرین کو آگے بڑھنے نہیں دیا۔ عوام نے ٹرین کے تمام ڈبوں میں گھس کر متعلقہ ٹی ٹی کو تلاش کرنے کی کوشش کی، مگر بتایا گیا ہے کہ وہ پہلے ہی کہیں جاکر چھپ گیا تھا، وہ عوام کے ہاتھ نہیں آیا۔ یہاں عوام اور پولس کے درمیان کافی زبانی جھڑ پ ہوئی۔ عوام کا مطالبہ تھاکہ متعلقہ ٹی ٹی کو سامنے پیش کیاجائے۔ مگر کافی کوششوں کے باؤجود متعلقہ ٹی ٹی کہیں نظرنہیں آیا۔

بھٹکل میں عوام کا جم غفیر جمع ہونے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر سریش نائیک پولس کی زائد فورس کے ساتھ ریلوے اسٹیشن پرپہنچ گئے تھے، واقعے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اُڈپی سے ریلوے پولس فورس کے انسپکٹرشیورام جی راتھوڑ بھی بھٹکل اسٹیشن پہنچ گئے۔ خبر ملتے ہی مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری، نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز اُدیاورسمیت کافی دیگر ذمہ داران بھی موقع پر پہنچ گئے۔کافی ہنگامہ آرائی کے بعد مجیب ائیکری کی جانب سے دی گئی تحریری شکایت پر معاملہ درج کرلیاگیا، جبکہ بھٹکل کے ذمہ داروں کو پولس نے یقین دلایا کہ وہ متعلقہ ٹی ٹی کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے۔ان کی یقین دھانی کے بعد ذمہ داران نے عوام کو سمجھابجھاکر مطمئن کرایااور اُنہیں گھروں کی طرف جانے کی ہدایت دی۔ ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ریلوے پولس فورس (آرپی ایف) انسپکٹر شیورام جی راتھوڑ نے بتایا کہ متعلقہ ٹی ٹی کی شناخت تمپا گوڈا کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کا ایمپلائی نمبر 2946 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمپا گوڈا کے خلاف شکایت درج کرلی گئی ہے اور اُس کے خلاف قانونی کاروائی کی جارہی ہے۔
 

ایک نظر اس پر بھی

انکولہ میں ڈاکٹر انجلی نے بی جے پی پر کیا طنز : مجھے بیرون ضلع کی کہنے والوں کو میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا 

انکولہ کے ناڈ ور ہال میں منعقدہ انتخابی تیاریوں کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتر کنڑا حلقے کی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مجھے اتر کنڑا ضلع سے باہر کی امیدوار بتانے والی بے جے پی کو بھی میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا ۔ انہیں شائد پتہ نہیں ...

کمٹہ میں ڈی کے شیوکمار نے کہا : دھرم کسی کی جائداد نہیں ہے ۔ بھگوان کو سیاست میں استعمال کرنا ناقابل معافی ہے

پارلیمانی انتخاب کی تیاریوں کے سلسلے میں کمٹہ میں منعقدہ  جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے پی سی سی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ ہمارا یقین یہ ہے کہ دھرم چاہے جو بھی اس کا نظریہ ایک ہی ہے ، نام چاہے سیکڑوں ہوں ، مگر بھگوان ایک ہی ہے اور پوجا جیسی بھی ہو، ...

بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب بس اور آٹو رکشہ کی ٹکر؛ آٹو ڈرائیور شدید زخمی

  قلب شہر شمس الدین سرکل کے قریب  پرائیویٹ بس اور آٹو کی ٹکر میں آٹو ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جسے   بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زائد علاج کے لئے کنداپور  لے جایا گیا ہے۔ زخمی ڈرائیور کی شناخت جامعہ آباد روڈ، ماسٹر کالونی کے رہائشی  محمد سُہیل ...

بھٹکل میں انجلی نمبالکر نے کہا؛ آنے والےانتخابات بی جے پی اور کانگریس کے درمیان نہیں ، امیروں اور غریبوں کے درمیان اور انصاف اور ناانصافی کے درمیان مقابلہ

  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اصل مقابلہ  بی جے پی اور کانگریس کے درمیان  نہیں ہوگا بلکہ  اڈانی اور امبانی جیسے  سرمایہ داروں  کو تعاون فراہم کرنے والوں اور غریبوں کو انصاف دلانے والوں کے درمیان ہوگا، صاف صاف کہیں تو یہ سرمایہ داروں اور غریبوں کے درمیان  مقابلہ ہے۔ یہ بات ...