پرو کشتی لیگ:ساکشی کے سلطانس کو ملی جیت، یوپی دنگل کو کیا پست
نئی دہلی،16جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ریو اولمپکس میں کانسہ تمغہ جیتنے والی دہلی سلطانس کی سب سے قابل اعتماد پہلوان ساکشی ملک پی ڈبلیوایل کے دوسرے سیشن میں اپنا مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہیں اور ان کے ساتھ ہی ٹیم کو بھی ٹورنامنٹ میں تسلی جیت حاصل ہوئی۔دہلی سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہے اور اس نے یوپی دنگل کو 4-3سے شکست دے کر اس سیشن میں پہلی جیت درج کی۔یوپی دنگل بھی آخری4 سے باہر ہے اور وہ ایک بھی میچ نہیں جیت پایا،بھلے ہی اس مقابلے میں سب کی نظریں ساکشی پر ٹکی تھیں، لیکن دہلی کو فتح اس غیر ملکی پہلوان ڈیوڈ تلشدجے نے دلائی۔ایک وقت اسکور 3-3سے برابر تھا اور فیصلہ کن میچ ڈیوڈ نے جیتا۔ڈیوڈ تلشدجے نے مردوں کے 70کلوگرام میں یوپی دنگل کے ہندوستانی پہلوان امت دھنکھڑ کو سخت مقابلے میں 8-6سے شکست دی۔دہلی کے پروین رانا نے مردوں کے 74کلوگرام میں یوپی کے تاریل کو 12-7سے شکست دے کر ٹیم کو 1-0کی برتری دلائی۔