کم مالیت کی جائداد پروزیر پرمود مادھو راج کو بھاری قرضہ دینے کا الزام۔ سنڈیکیٹ بینک منیجر کی وضاحت
اڈپی19؍مارچ (ایس او نیوز) وزیر ماہی گیری پرمود مادھو راج کو سنڈیکیٹ بینک ملپے شاخ کی طرف سے کم مالیت کے جائداد پر بھاری قرضہ دئے جانے کا جو الزام لگایا گیا تھا اسے سنڈیکیٹ بینک کے ڈپٹی جنرل منیجر نے سرے سے مسترد کردیا ہے۔
یاد رہے کہ ایک سوشیل ورکر نے مرکزی وزارت مالیات سے شکایت کی تھی کہ صرف1.1کروڑ روپے کی مالیت والی جائداد گروی رکھ کر وزیر پرمود مادھو راج کو 193کروڑروپے کا قرضہ دیا گیا ہے جس کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔جبکہ پرمود مادھو راج نے اس الزام کو پہلے ہی مسترد کردیاتھا۔
اب بینک کے ڈپٹی جنرل منیجر ایس ایس ہیگڈے نے واضح کیا کہ بینک کی طرف سے اس قرضے میں کوئی فراڈ نہیں ہوا ہے۔پرمود مادھو راج بینک کے ایک معزز گاہک ہیں۔وزیر موصوف نے قرضے کی لئے تمام ضروری ضمانتیں فراہم کی ہیں۔اور اس کے عوض انہیں جوبھی بزنس اور پرسنل لون منظور کیا گیا ہے اس میں تمام شرائط اور قوانین کی پابندی کی گئی ہے۔