بنگلورو میں 95؍فیصد گڑھوں کو بند کرنے کا دعویٰ بے بنیاد: ہائی کورٹ

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 26th September 2018, 12:29 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،26؍ستمبر (ایس او نیوز) ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود شہر کی سڑکوں کو گڑھوں سے نجات نہیں ملی ہے حالانکہ بروہت بنگلور مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) نے 95؍فیصد گڑھوں کو بند کردینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے یہ کہتے ہوئے کہ لوگوں کو بی بی ایم پی پر اعتماد نہیں ہے۔ آرمی انجینئروں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے بی بی ایم پی کے دعوے کی تصدیق اور یہ جاننے کے لئے کہ شہرکی سڑکوں پر بنے گڑھے واقعی بند کردیتے گئے ہیں فوج کے انجینئروں کو معائنہ کرنے کے لئے کہا ہے۔ کورٹ نے شہر کی سڑکوں پر بنے گڑھوں کا معائنہ اور گڑھے بھرے جانے کے کام کے معیار کا جائزہ لینے فوج کے انجینئروں کو ہدایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس ایس جی پنڈت کی قیادت والی ڈویژن بنچ نے کرناٹک لیگل سرویسز اتھارٹی کے ممبر سکریٹری ایم بی اوما فوج کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر دنیش اگروال پر مشتمل کمیشن کی تشکیل کی ہے۔ غالباً ایساپہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ بلدیہ کے کام کے معیار کا جائزہ لینے کے لئے فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ غور طلب ہے کہ شہر کی سڑکوں پر بنے گڑھے بند کرنے کے لئے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے جس میں ہائی کورٹ سے گزارش کی گئی ہے کہ عدالت گڑھے بھرنے کے لئے بی بی ایم پی کو ہدایات جاری کرے۔ گزشتہ چہارشنبہ کو عرضی کی سماعت کے دوران عدالت نے بی بی ایم پی کو ہدایت جاری کی تھی کہ 24؍گھنٹوں کے اندر شہر کی سڑکوں پر بنے تمام گڑھے بند کئے جائیں۔ بی بی ایم پی کے اصرار پر عدالت نے یہ میعاد پیر 24؍ستمبر تک بڑھادی تھی۔ پیر کے دن سماعت کے دوران چیف جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس ایس جی پنڈت کی ڈویژن بنچ نے بی بی ایم پی کے پچھلے 3؍دنوں میں 90؍فیصد سے زیادہ گڑھے بھرنے کے دعوے پر عدم اطمینان ظاہر کیا حالانکہ بی بی ایم پی کے وکیل وی سریناتھ نے حلف نامہ میں گڑھے بھرے جانے کی جانکاری دی تھی۔ حلف نامے میں گڑھوں کے حجم گڑھے بھرے جانے کی تاریخ ، گڑھوں کی تصویر اور گڑھے بھرے جانے کے بعد کی تصویر اور ٹھیکے دار کا نام سمیت دیگر تفصیلات شامل تھیں۔ عدالت نے سماعت کے دوران کرناٹک لیگل سرویسز اتھارٹی کے ممبر سکریٹری ایم بی اوما اور فوج کے انجینئر دنیش اگروال کو طلب کرنے کے بعد بی بی ایم پی کے وکیل سے پوچھا کہ جن علاقوں میں وہ گڑھے نہ ہونے کی بات کررہے ہیں کیا وہ ایک وارڈ بھی ایسا بتاسکتے ہیں جہاں کی سڑکیں گڑھوں سے پاک ہوں۔ بی بی ایم پی وکیل نے عدالت میں موجود افسروں سے جانکاری لے کر بتایا کہ ملیشورم میں 7؍مہالکشمی لے آؤٹ میں 4؍اور یلہنکا میں 4؍ وارڈز ہیں جہاں گڑھے بالکل نہیں ہیں لیکن عدالت نے عدم اطمینان ظاہرکرتے ہوئے مذکورہ افسروں کی قیادت میں عدالتی کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے ان افسروں کو ان علاقوں کا معائنہ کرنے ، گڑھوں اور گڑھوں کو بھرنے کے کام کا جائزہ لینے، گڑھے بھرنے کے لئے استعمال کی گئی اشیاء کا معیار پرکھنے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے بنگلور ٹرافک پولیس کمشنر کو بھی ہدایت دی کہ کمیشن کے معائنہ کے لئے انتظامات کریں اور اس بات کا دھیان رکھیں کہ معائنے کے دوران ٹرافک میں خلل نہ پڑے اور عام لوگوں کو پریشانی نہ ہو۔ 

ایک نظر اس پر بھی

کانگریس کرناٹک میں لوک سبھا کی 20 سیٹں جیتے گی، وزیر اعلیٰ سدارامیا دعویٰ

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ  سدارامیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کرناٹک کی 28 میں سے 20 سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تئیں رائے دہندگان کا ردعمل اب تک بہت مثبت رہا ہے۔

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔