وزیر اعظم مودی نفرت پھیلانے پر آمادہ ہیں:راہل گاندھی
بہرائچ، 24/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنا حملہ جاری رکھتے ہوئے آج کہا کہ سماج وادی پارٹی- کانگریس اتحاد کے بعد مودی کا چہرہ ہی تبدیل ہو گیا ہے اور وہ اب نفرت پھیلانے پر آمادہ ہیں۔راہل گاندھی نے یہاں ایک انتخابی ریلی میں طنز کستے ہوئے کہا کہ میک ان انڈیا کا نعرہ دینے والے شیر کی آواز چوہے جیسی بھی نہیں ہے، ایسے نعروں کا کیا فائدہ؟آپ بازار جائیں گے تو آپ کو ہر جگہ ’میڈ ان چائنا‘ لکھا سامان مل جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ایس پی کانگریس کے اتحاد کے بعد مودی کا چہرہ ہی بدل گیا ہے اور اب وہ نفرت پھیلانے کا کام کر رہے ہیں، لیکن اترپردیش میں انہیں اس کا فائدہ نہیں ملنے والا ہے۔راہل نے کہا کہ مودی صرف امیروں کا قرض معاف کرتے ہیں، کسانوں کا نہیں۔وہ جہاں جاتے ہیں، رشتے بناتے ہیں لیکن رشتے بولنے سے نہیں نبھانے سے بنتے ہیں۔نوٹ بند ی کے فیصلے کو لے کر مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلیک منی رکھنے والے کسی بھی شخص کو جیل نہیں بھیجا گیا، آج بھی 94فیصد بلیک منی بیرون ملک ہے۔