ریاض ،24 ؍اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے منگل کے روز دارالحکومت ریاض میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا قصرِ یمامہ میں استقبال کیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق اس موقع پر دونوں برادر ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات، خطّے کی صورت حال اور تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا۔دونوں شخصیات کی ملاقات کے دوران ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر مملکت و کابینہ کے رکن اور خادم حرمین شریفین کے مشیر شہزادہ ڈاکٹر منصور بن متعب بن عبدالعزیز، وزیر مملکت و کابینہ کے رکن ڈاکٹر ڈاکٹر مساعد بن محمد العلبان، وزیر مالیاتمحمد بن عبدالله الجدعان، وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد، وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر نزار بن عبد مدنی اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجودتھے۔ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فؤاد چودھری، وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت عبدالرزاق داؤد، سکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ریاض میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق شامل تھے۔