مہاراشٹر میں پلاسٹک پر پابندی، پکڑے جانے پر 25 ہزار تک کے جرمانہ
ممبئی23جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) مہاراشٹر میں ایک بار استعمال کرکے پھینک دئے جانے والی پلاسٹک مصنوعات پر 23 جون کی درمیانی شب سے پابندی لاگو ہو رہی ہے۔ اس کے لئے ممبئی میں زوردار تیاری کی گئی ہے۔ممنوعہ پلاسٹک مصنوعات کے ساتھ پائے جانے والوں پر کارروائی کرنے کے لئے 250 انسپکٹروں کے خصوصی دستہ کی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اختیاری مصنوعات کی نمائش بھی لگائی گئی ہے۔ ورلی کے این ایس سی آئی میں منعقد ہ نمائش کے ذریعے بی ایم سی یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ پلاسٹک کے بغیر بھی زندگی گزاری جا سکتی ہے۔ نمائش کے افتتاح کے لئے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اداکار اجے دیوگن اور کاجول کو بھی بلایا گیا تھا۔ اجے دیوگن نے جہاں لوگوں سے پلاسٹک نجات کے اس مہم سے جڑنے کی اپیل کی، وہیں کاجول نے بھی اپنی آنے والی نسل کے لئے بینک بیلنس اور مکان کے ساتھ ایک بہتر دنیا دینے کی اپیل کی۔ بائیو گرین کے سی ای او محمد صادق نے بتایا کہ پھل اور سبزیوں کے اسٹارچ سے بنی تھیلیاں واٹر پروف بھی ہیں۔ شیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ 23جون سے پلاسٹک پر پابندی ہر حال میں لاگو ہو گی۔ پابندی مؤثر طریقہ سے قابل اطلاق ہو اس کے لیے بی ایم سی نے 250 کا ایک خصوصی دستہ بھی بنایا ہے ۔واضح ہو کہ پہلی بار پکڑے جانے پر 5000 روپیہ تو دوسری بار 10 ہزار اور تیسری بار پکڑے جانے پر 25 ہزار روپیہ اور تین ماہ کی سزا کا قانون تجویز شدہ ہے۔ کوشش کی گئی ہے کہ مکمل طور پر پلاسٹک کا خاتمہ ہو ۔