بھٹکل میں بائک سے گرتے ہی لاری کی زد میں آکر نوجوان جاں بحق
بھٹکل 6/جون (ایس او نیوز) یہاں حنیف آباد کراس کے قریب نیشنل ہائی وے پر ہوئے ایک سڑک حادثے میں ایک اٹھارہ سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت شہاب الدین ابن بشیر مُلا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ابتدائی چھان بین سے پتہ چلا ہے کہ بھٹکل بدریہ کالونی کے دو نوجوان سید مبارک اور شہاب الدین روزہ کی افطاری کے بعد وینکٹاپور میں ایک چائے کی اسٹال پر چائے پی کر اپنی رہائش گاہ بھٹکل بدریہ کالونی جارہےتھے کہ اچانک حنیف آباد کراس کے قریب ایک کتا سامنے آگیا، سید مبارک نے کتے سے بچنے کی کوشش میں جیسے ہی بریک لگائے، پچھلی سیٹ پر سوار شہاب الدین کا تو ازن بگڑ گیا اور وہ ایک ہی جھٹکے میں نیچے گر پڑا۔ اس دوران ان کے پیچھے سے آرہی ایک لاری شہاب الدین سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں شہاب الدین نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ انا للہ و اناالیہ راجعون
بتایا گیا ہے کہ دونوں مستری کا کام کرتے تھے،ایک ساتھ کام کرکے واپس لوٹنے کے دوران شام قریب آٹھ بجے یہ حادثہ پیش آیا۔
حادثہ ہوتے ہی موقع پر موجود نوجوانوں نے شہاب الدین کو فوری طورپر بھٹکل سرکاری اسپتال پہنچایا، مگر بتایا گیا ہے کہ وہ پہلے ہی اپنی آخری سانس لے چکا تھا۔ خبرملتے ہی سرکاری اسپتال کے باہر لوگوں کا جم غفیر جمع ہوگیا۔ بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر سریش نائک سمیت دیگر پولس عملہ بھی جائے وقوع سمیت سرکاری اسپتال پہنچ گیا اور حادثے کے تعلق سے جانکاری حاصل کی۔
پوسٹ مارٹم کے بعد لاش گھروالوں کے حوالے کی گئی ۔
پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔