کنداپور میں پِک اَپ اور بائک کی ٹکر۔ بائک سوار ہلاک
کنداپور 25/اکتوبر (ایس او نیوز)بیندور کے قریب بیجور میں موٹر بائک اور مہیندرا پک اپ کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں بائک سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
نیشنل ہائی وے 66 پر ہوئے اس حادثے میں ہلاک ہونے والے کا نام گر و پجاری (۲۳ سال) بتایا جاتا ہے۔جو کہ بیندور کے ایرتھاڈے کا رہنے والا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موٹر بائک کی رفتار بہت ہی زیادہ تیز تھی۔اور اسی تیزرفتاری میں ایک بس کو اوور ٹیک کرنے کے چکر میں بائک سیدھے پک اپ سے ٹکرا گئی۔ پجاری کے سر پر شدید چوٹیں آئیں جس کی وجہ سے موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔حادثے کے بعد کچھ وقت کے لئے ہائی وے پر ٹریفک میں خلل پیدا ہوا۔ پھر بیندور پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کرنے کے علاوہ حادثہ کا کیس درج کرلیا۔